پولینڈ کے ماہرین ارضیات نے زمین میں دبا 300 کلو گرام وزنی ایک شہابی پتھر دریافت کیا ہے۔ مشرقی یورپ کے علاقے میں ملنے والا یہ اب تک کا سب سے بڑا شہابی ٹکڑا ہے۔
ماہرین ارضیات کو امید ہے کہ اس نادر دریافت کے ذریعے انہیں زمین کے اندرونی یا مرکزی حصے کی ساخت کے بارے میں اہم اور نئی معلومات حاصل ہو سکتی ہیں۔ یہ شہابی ٹکڑا پولینڈ کے مغربی شہر پوزنان میں بدھ 31 اکتوبر کو عوام کے سامنے لایا گیا۔ اس موقع پر ماہر ارضیات اور اس پتھر کو تلاش کرنے والے پروفیسر انجے موشِنسکی Andrzej Muszynski نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ‘‘ہمیں معلوم ہے کہ زمین کا مرکزی حصہ لوہے پر مشتمل ہے، لیکن ہم اسے جانچ نہیں سکتے۔ یہاں ہمارے پاس بیرونی خلا سے ایک مہمان موجود ہے، جو اپنی ساخت میں زمین کی طرح ہے اور اسے ہم آسانی سے جانچ پرکھ سکتے ہیں۔‘‘ پروفیسر موشنسکی کا مزید کہنا تھا کہ اس سے کائنات کی ابتدا اور اس کے ماخذ کے بارے میں ہماری معلومات وسیع ہوں گی۔
شہابی پتھروں کو تلاش کرنے والے دو ماہرین کو کون کی شکل کا یہ 300 کلوگرام وزنی خلائی پتھر گزشتہ ماہ کے اختتام پر پوزنان کے شمال میں واقع علاقے موراسکو سے ملا تھا۔ دو میٹر قطر کا یہ پتھر دراصل لوہے کا ایک ٹکڑا ہے۔
پروفیسر وائچے شٹانکوسکی Wojciech Stankowski کے مطابق یہ دریافت یورپ کے مشرقی حصے میں اپنی طرز کا اب تک کا دریافت ہونے والا سب سے بڑا شہابی ٹکڑا ہے۔
اس پتھر کی جانچ کرنے والے پوزنان کی آدم مِشکیوِکس یونیورسٹی کے ماہرین ارضیات کے مطابق یہ شہابی ٹکڑا قریب پانچ ہزار برس قبل زمین تک پہنچا تھا۔ ان ماہرین کے مطابق یہ زیادہ تر لوہے پر مشتمل ہے، جس میں نِکل کے کچھ ذرات بھی موجود ہیں۔
پروفیسر موشِنسکی کے مطابق، ’’یہ ایسے ہی تھا، جیسے ہمیں سونے کی کان مل گئی ہو، ہم بہت زیادہ پر جوش تھے، ہم کھانا پینا بھول کر صرف کھدائی میں مصروف رہے۔‘‘
پوزنان کے شمال میں واقع Morasko Meteorite Reserve میں سات ایسے گڑھے موجود ہیں، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ شہاب ثاقب کے زمین سے ٹکرانے کے باعث وجود میں آئے۔ ان میں سب سے بڑا گڑھا 100 میٹر قطر کا ہے، جس کی گہرائی 11 میٹر ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ گڑھا پانچ ہزار برس قبل کسی شہابی پتھر کے زمین سے ٹکرانے کے باعث وجود میں آئی تھی۔
اب تک اس مقام سے مجموعی طور پر 1500 کلوگرام کے چھوٹے شہابی ٹکڑے نکالے جا چکے ہیں۔ اب سائنسدان اس مقام سے ہٹ کر بھی باقی علاقے میں شہابی ٹکڑوں کی تلاش کا کام شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
پانچ ہزار برس پرانا شہابی ٹکڑا دریافت
Posted on Nov 02, 2012
سماجی رابطہ