دنیا کی مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے اپنا نیٹ ورک استعمال کرنے والے موبائل پروگرامز کے لیے ’ایپ سٹور‘ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا اپیلیکیشن سٹور جسے ’ایپ سنٹر‘ کا نام دیا گیا ہے، بہترین ایپلیکیشنز کو ایک ہی جگہ سے حاصل کرنے کا نیا مرکزی بازار ثابت ہوگا۔
فیس بک کا یہ بھی کہنا ہے کہ جلد ہی ایپلیکیشنز بنانے والے ڈویلپرز اس سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپس کے لیے فیس بھی وصول کر سکیں گے۔
فیس بک کی جانب سے ایپلیکیشن سٹور بنانے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب فیس بک نے تسلیم کیا ہے کہ موبائل پر انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافے کی وجہ سے مستقبل میں اس کی اشتہاری آمدن متاثر ہو سکتی ہے۔
فیس بک جلد ہی بازارِ حصص میں اپنی کمپنی کے شیئر فروخت کے لیے پیش کرنے والی ہے۔ آٹھ سال پہلے شروع ہونے والی ویب سائٹ فیس بک کے اس وقت نوے کروڑ صارف ہیں اورگزشتہ سال اس کا منافع ایک ارب ڈالر تھا۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اگر صارف کمپیوٹرز کی جگہ زیادہ تر موبائل سے فیس بک استعمال کرتے رہیں گے اور اگر ہم ان کے لیے حکمتِ عملی نہیں بنائیں گے تو ہماری مالیاتی کارکردگی اور رقم کمانے کی صلاحیت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے‘۔
فیس بک کے ایرون بریڈی نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ یہ ایپلیکیشن سنٹر آنے والے ہفتوں میں دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’تمام ڈویلپرز آج سے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ ان کا پروگرام ہمارے آغاز کے وقت ایپ سٹور میں موجود ہو‘۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ان کا یہ سٹور ایپل یا گوگل کے ایپلیکیشن سٹورز کے مقابلے کے لیے نہیں بنایا گیا ہے۔
ایرون بریڈی کے مطابق یہ سٹور ایسے ایپلیکیشنز بنانے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے جو فیس بک پر استعمال ہوتے ہیں چاہے وہ ایپل کے نظام پر ہوں، اینڈرائڈ پر یا پھر موبائل ویب پر‘۔
فیس بک کے ایپ اسٹور شروع کرنے کا اعلان
Posted on May 11, 2012
سماجی رابطہ