سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے موبائل فون کی مارکیٹ میں جانے کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ فیس بک کا خیال ہے کہ وہ موبائل فون کی مارکیٹ میں ایسے ہی کامیابی حاصل کر سکتا ہے جیسے وہ سوشل نیٹ ورکنگ کے کاروبار میں ترقی حاصل کر رہا ہے۔
فیس بک کے اس نئے منصوبے کے تحت فیس بک کے اکاونٹ ہولڈر آئی فون سمیت دوسرے سمارٹ فون کے ذریعے ’فیس بک ڈیلز‘ تک پہنچ کر ان ڈیلز کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس نئی سہولت کے ذریعے دوست ایک دوسرے کی لوکیشن کا بھی پتہ چلا سکیں گے۔ فیس بک کا خیال ہے کہ وہ ان تبدیلیوں کے ذریعے نہ صرف سوشل نیٹ ورکنگ کو انتہائی آسان بنا دے گا بلکہ اس کے ذریعے اپنے صارفین کو شاپنگ کی سہولت بھی مہیا ہو جائے گی۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ان کی اس نئی کاوش کے ذریعے مختلف کمپیناں بڑی بڑی ڈیلز کو متعارف کروا سکیں گی۔ اس نئے منصوبے کے تحت فیس بک ممبران ایک بار اپنے اکاونٹ میں لاگ ان ہونے سے نہ صرف اپنے فیس بک اکاونٹ تک پہنچ جائیں گا بلکہ فیس بک کے ساتھ شراکت دار کمپینوں کی اعلان کردہ ڈیلز کو بھی دیکھ سکیں گے۔
فیس بک نےموبائل فون کی مارکیٹ میں آنے کا خیال موبائل کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کیا ہے۔
فیس بک بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ صرف ایک سال پہلے پینسٹھ ملین افراد فیس بک کو استعمال کر رہے تھے لیکن ان کی تعداد صرف ایک سال میں دو سو ملین تک پہنچ چکی ہے۔ موبائل فون کے صارف مختلف کمپیوٹروں کے ذریعے فیس بک پر لاگ ان ہو رہے ہیں۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ موبائل اور سوشل نیٹ ورکنگ کی مارکیٹ میں بہت تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور موبائل اور سوشل نیٹ ورکنگ کو اکٹھا کرنے سے بہت ساری کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
موبائل فون کی صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک نے صرف اپنے صارفین کو بڑے کاروباروں کی طرف سے خصوصی آفرز کو اپنے صارفین تک پہنچانے کے علاوہ کوئی نئی چیز متعارف نہیں کرائی ہے۔
اس سے پہلے مارکیٹ میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ فیس بک اپنا موبائل فون کو متعارف کرانے کا اعلان کرنے والا ہے۔ کچھ اطلاعات کے مطابق فیس بک ایپل کمپنی کے آئی پیڈ کے لیے خصوصی ایپلیکشن متعارف کرائے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔
فیس بک نے ملبوسات کی کمپنی گیپ کے ساتھ اپنی شراکت کا بھی اعلان کیا ہے۔گیپ کا منصوبہ ہے کہ وہ فیس بک کے ذریعے اس تک پہنچنے والے پہلے دس ہزار صارفین کو ایک مفت جیز کا تحفہ پیش کرے گا۔
فیس بک نے گیپ کے علاوہ بائیس بڑی کمپنیوں کے ساتھ بھی شراکت کا اعلان کیا ہے۔ ان میں ایچ ایم، سٹاربکس اور میکڈانلڈ جیسی کمپنیاں شامل ہیں۔
فیس بک نے جب بھی کوئی نئی چیز متعارف کرانے کی کوشش کی ہے اس کی سائٹ کو استعمال کرنے والے ممبران کی پرائیویسی سے متعلق خدشات سامنے آئے ہیں۔
کنیکٹ سیفلی ڈاٹ آرگ کے لیری مجدنے کہا ہے کہ ابھی تک فیس بک اپنے صارفین کی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیےاچھا کردار ادا کر رہی ہے لیکن اس بات کا خطرہ ہمیشہ رہے گا کہ اس کے شراکت داروں میں سے کوئی فیس بک ممبران کی لوکیشن تک پہنچ کر اس کی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی اور اگر ان ذاتی اطلاعات کو غلط ہاتھوں تک پہنچنے کا خطرہ ہمیشہ رہے گا۔
البتہ فیس بک نے اپنے ممبران کی پرائیویسی کے حوالے سے خدشات کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ فیس بک موبائل کے نائب صدر ٹیزنگ نے کہا ہے کہ فیس بک پر کچھ نہیں بدلا۔ انہوں نے کہا اگر کسی کمپنی کی ایپلیکشن مسائل پیدا کرے گی تو ہم اسے فوراً بند کر دیں گے۔’ اس وقت بھی فیس بک پر مختلف کمپینوں کی تیار کردہ پانچ لاکھ پچاس ہزار گیمز کھیلی جا رہی ہیں اور جب بھی ہمیں کوئی شکایت پیدا ہوتی ہے تو ہم اسے بند کر دیتے ہیں۔‘
وال سٹریٹ جنرل کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں فیس بک نے کہا ہے کہ ادکا دکا واقعات میں دوسری کمپنیوں کی مختلف ایپلیکیشنز نے فیس بک کے صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کر لیتی ہیں لیکن یہ کمپنی کی پرائیویسی پالیسی کی خلاف ورزی ہے اور ہم اسے فوراً روک دیتے ہیں۔
فیس بک کی موبائل فون مارکیٹ پر نظر
Posted on Feb 25, 2011
سماجی رابطہ