معروف سماجی ویب سائٹ فیس بُک نے پیر نو اپریل کو اعلان کیا ہے کہ اس نے اسمارٹ فون فوٹو شیئرنگ اپلیکیشن انسٹا گرام خریدنے کے لیے ایک ارب ڈالرز کے عوض ایک معاہدہ کیا ہے۔
فیس بُک کے شریک چیئرمین مارک سُکر برگ نے اس معاہدے کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے کہا: ’’ ہم کئی برسوں سے اپنی توجہ اس بات پر مرکوز کیے ہوئے ہیں کہ آپ کو اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ تصاویر شیئر کرنے کا بہترین سے بہترین ذریعہ فراہم کریں۔‘‘
سُکر برگ کا مزید کہنا تھا: ’’ ہم اب انسٹاگرام کی ٹیم کے ساتھ مل کر کوشش کر سکیں گے کہ آپ خوبصورت موبائل تصاویر بھی اپنے چاہنے والوں کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں شیئر کر سکیں۔‘‘ مارک سُکر برگ نے اس کامیابی کو فیس بُک کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا: ’’ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم نے ایک ایسی پراڈکٹ اور کمپنی حاصل کی ہے جس کے اتنے زیادہ صارفین ہیں۔‘‘
فیس بُک صارفین میں اپنی تصاویر دوستوں اور چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کرنا بہت زیادہ مقبول ہے، اس بات سے فیس بُک کے شریک چیئرمین مارک سُکر برگ بھی بخوبی آگاہ ہیں: ’’ بہترین طریقے سے تصاویر شیئر کرنے کا تجربہ ایک ایسی وجہ ہے جس کی بدولت بہت زیادہ لوگ فیس بُک کو استعمال کرتے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ فیس بُک اور انسٹا گرام کو یکجا کرنا بہت ہی کارآمد رہے گا۔‘‘
سان فرانسسکو میں قائم کمپنی انسٹا گرام کی تیار کردہ ایپلیکشن کا پہلا ورژن 2010ء کے اواخر میں ریلیز کیا گیا تھا۔ ایپل کے آئی فون، آئی پیڈ اور آئی پاڈ کے لیے تیار کردہ اس ایپلیکیشن کو اب تک 27 ملین مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ انسٹا گرام کے شریک بانی کیون سیسٹروم نے یہ اعداد وشمار گزشتہ ماہ گوگل اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے اسمارٹ فونز کے لیے یہ ایپلیکیشن متعارف کراتے ہوئے جاری کیے۔
یہ فری ایپلیکیشن صارفین کو اپنی روایتی چوکور تصاویر کو فلٹرز کے ذریعے خوبصورت شکل دے کر انہیں ٹویٹر، فیس بُک اور دیگر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ایپل کی طرف سے انسٹا گرام کر گزشتہ برس یعنی 2011ء کی بہترین ایپلیکیشن قرار دیا گیا تھا۔
فیس بُک دنیا کی معروف ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ ہے۔ فیس بُک کے مطابق اس ویب سائٹ کے 845 ملین صارفین ہیں، جن میں سے 483 ملین روزانہ کی بنیاد پر اسے وزٹ کرتے ہیں۔ کاروباری اعتبار سے فیس بُک کی مالیت 75 سے 100 بلین امریکی ڈالرز کے درمیان بیان کی جاتی ہے۔
فیس بک نے انسٹا گرام ایک ارب ڈالرز میں خرید لی
Posted on Apr 11, 2012
سماجی رابطہ