برطانوی سائنسدانوں نے بالائی فضا میں کیمیائی ذرات چھڑک کر اس کا درجہ حرارت کم کرنے کے حوالے سے ایک ابتدائی تجربہ ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ ٹیکنالوجی کے ایک حصے کے پیٹنٹ کے حوالے سے تحفظات ہیں۔
برطانیہ کی برسٹل، کیمبرج اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدان گزشتہ تین برس سے ایک پراجیکٹ پر کام کر ہے ہیں جس کا مقصد زمینی فضا کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں کمی لانے کے لیے کرہ ارض کی فضا کے بالائی حصے میں کیمیائی اجزا کا اسپرے کر کے اس کے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔ ڈھائی ملین ڈالرز مالیت کے اس جیو انجینئرنگ پراجیکٹ کو ’’اسٹریٹوسفیرک پارٹیکل انجکشن فار کلائیمیٹ انجینئرنگ‘‘ یا SPICE کا نام دیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت ہیلییم گیس سے بھرے ایک غبارے کے ذریعے زمین سے 20 کلومیٹر کی بلندی پر سلفیٹس اور ایروسول ذرات کو سپرے کے ذریعے فضا میں پھینکا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے کے طور پر ان سائنسدانوں نے ایک کلومیٹر طویل ایک پائپ کے ذریعے پانی اسپرے کرنا تھا تاکہ اس منصوبے کے انجینئرنگ ڈیزائن کے علاوہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ ایسی صورت میں ہوا کیا اثرات ظاہر کرتی ہے۔ ان سائنسدانوں نے اس تجربے کو بتدریج بڑھاتے ہوئے 20 کلومیٹر کی بلندی پر لے جانا تھا۔
SPICE پراجیکٹ کے سربراہ میٹ واٹسن کے بقول: ’’یہ تجربہ ترک کرنے کا فیصلہ اس پراجیکٹ میں شریک تمام پارٹنرز کی طرف سے کیا گیا۔‘‘
اس تجربے کو مؤخر کیے جانے کے ایک اور وجہ اس میں استعمال ہونے والی کچھ ٹیکنالوجی کے حوالے سے حقوق اختراع یا پیٹنٹ سے متعلق مسائل بھی بتائے گئے ہیں۔ مذکورہ ٹیکنالوجی کو پیٹنٹ کرانے کے لیے درخواست SPICE پراجیکٹ کی تجویز پیش کیے جانے سے بھی پہلے جمع کرائی گئی تھی۔
تاہم برطانوی ریسرچ کونسل کی مالی معاونت سے فضا کو ٹھنڈا کرنے کے لیے تجربات پر مشتمل یہ پراجیکٹ جاری رہے گا۔ اس میں فی الحال اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آتش فشاں پہاڑوں کے پھٹنے کی طرز پر فضا کو کیسے ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے۔ اسے سولر ریڈی ایشن مینیجمنٹ (SRM) کا نام دیا گیا۔
SRM دراصل اس مفروضے پر کام کرے گا کہ جب کوئی آتش فشاں پھٹتا ہے تو اس سے نکلنے والے ذرات زمین کی بالائی فضا میں بھی پہنچ جاتے ہیں اور وہاں سے وہ سورج کی توانائی کو واپس خلا میں منعکس کرتے ہیں، جس سے زمینی فضا کا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے۔
یہ متنازعہ تجربہ گزشتہ برس اکتوبر میں بھی عوامی صلاح و مشورے کی غرض سے چھ ماہ کے لیے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ ان تجربات کے مخالفین کے بقول یہ نہ صرف بہت زیادہ مہنگا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی قوانین بھی موجود نہیں ہیں بلکہ یہ سبز مکانی یا گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کے حقیقی ہدف سے توجہ ہٹانے کا بھی باعث ہے۔
فضا کو ٹھنڈا کرنے کے حوالے سے ابتدائی تجربہ ترک کر دیا گیا
Posted on May 19, 2012
سماجی رابطہ