ایپل کے آئی فون فائیو کے بارے میں افواہوں اور معلومات کا سلسلہ جاری، سام سنگ کے گلیکسی ایس تھری پہلے 100 دنوں میں 20 ملین یونٹس فروخت اور ایپل کی طرف سے یوزر آئی ڈیز کی فراہمی کی تردید۔
آئی فون فائیو 12 ستمبر کو متوقع
توقع کی جا رہی ہے کہ ایپل کمپنی اپنے معروف اسمارٹ فون کا نیا ورژن آئی فون فائیو بدھ 12 ستمبر کومتعارف کرا رہی ہے۔ نئے آئی فون کے فیچرز اور اس کی قیمت کے حوالے سے افواہوں اور خفیہ معلومات مببینہ طور پر عام کرنے کا سلسلہ زور وشور سے جاری ہے۔ 9to5Mac.com نامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کے لیے نئے آئی فون کی قیمت وہی ہوگی جو موجودہ آئی فون فور ایس کی ہے۔
یعنی دو برس کے موبائل فون کانٹریکٹ کے ساتھ 16GB کے لیے 199 ڈالرز، 32GB کے لیے 299 جبکہ 64GB کے لیے 399 ڈالرز۔ دوسری طرف اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ آئی فون فائیو کی فروخت شروع ہونے کے ایک ہفتے کے اندر اس کے چھ ملین سے 10ملین تک یونٹس فروخت ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق نئے آئی فون کی اسکرین چار انچ کی ہوگی جبکہ یہ فور ایس کے مقابلے میں قدرے پتلا بھی ہوگا۔ 2007ء میں آئی فون متعارف کرائے جانے کے بعد سے اس کی اسکرین کا سائز 3.5 رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس کی اسکرین کا سائز تبدیل ہوگا۔
گلیکسی ایس تھری 20 ملین یونٹس فروخت
سام سنگ کے مطابق اس نے اپنے نئے اسمارٹ فون گلیکسی ایس تھری کی فروخت شروع ہونے کے پہلے ایک سو دنوں کے دوران 20 ملین یونٹس فروخت کیے ہیں۔ Glaxy S-III کی اسکرین کا سائز 4.8 انچ ہے۔
یہ فون اینڈرائڈ فور آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ کا حامل ہے۔ اس کی پچھلی جانب آٹھ میگا پکسل جبکہ سامنے کی جانب 1.9 میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے۔ سام سنگ کے مطابق یہ اس کا اب تک کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون ہے۔ رواں برس کے آغاز میں کوریا کی کمپنی سام سنگ نے دنیا کی سب سے زیادہ فون بنانے والی کمپنی کا اعزاز گزشتہ 14 برس بعد نوکیا سے چھینا تھا۔
یوزر آئی ڈیز کی چوری، ایپل کی تردید
Anonymous نامی ہیکرز کے گروپ نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ کے لیپ ٹاپ سے 12 ملین ایپل یوزرز کی تفصیلات چُرا لی ہیں۔ انہوں نے اپنے دعوے کو درست ثابت کرنے کے لیے قریب ایک ملین یعنی 10 لاکھ یوزرز کی معلومات انٹرنیٹ پر جاری بھی کی تھیں۔ ان خبروں کے بعد امریکی تفتیشی ادارے کی طرف سے لوگوں کی خفیہ معلومات حاصل کرنے کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔ تاہم ایف بی آئی کے بعد اب ایپل کمپنی بھی اس بات کی تردید کر چکی ہے کہ اس نے ایف بی آئی کو اس طرح کی کوئی معلومات فراہم کی تھیں۔
گلیکسی ایس تھری 20 ملین یونٹس فروخت
Posted on Sep 11, 2012
سماجی رابطہ