دنیا بھر میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہوا کی طاقت کا استعمال مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ بڑے سائز کے پلانٹس کے ساتھ ساتھ اب چھوٹے پلانٹس کا استعمال بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
یورپ، چین، بھارت اور امریکا کے پہاڑوں اور ساحلوں پر دیو ہیکل بازوؤں والے پنکھے نصب ہو رہے ہیں، جو ہوا کے ذریعے گھومتے اور اس طرح ٹربائن چلا کر بجلی پیدا کرتے ہیں۔ ہوا کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے والے ان پنکھوں کا حجم بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ اس دوران ایسے پنکھے نصب کیے جا رہے ہیں جو 7000 کلو واٹ تک بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ بجلی جرمنی میں 4000 گھرانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ تاہم خاص طور پر سمندر میں ہوا کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے والے اس قسم کے بڑے آلے کی تنصیب ایک بہت بڑا تیکنیکی، مالی اور انتظامی چیلنج ہے۔
ہوا کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے کے سلسلے میں ایک نیا رجحان یہ ہے کہ چھوٹے سائز کے آلات نصب کرنے پر توجہ بڑھ رہی ہے۔ ان کے ذریعے 100 واٹ سے لے کر 100000 واٹ تک بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ یہ اپنے حجم کے لحاظ سے کشتیوں، بجلی کے کھمبوں، مکانات، اسکولوں، کارخانوں یا بستیوں کے قریب نصب کیے جاتے ہیں۔ یہ خاص طور پر ایسے دور دراز واقع مقامات کے لیے بجلی کی فراہمی کا سب سے سستا طریقہ ہیں، جہاں زوردار ہوائیں چلتی ہیں۔ دنیا میں اب بھی ڈیڑھ ارب انسان بجلی سے محروم ہیں اور یہ اُن کے لیے ایک اچھا حل ہے۔ لیکن شہروں میں بھی ہوا کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے والے پنکھے مکانات کی چھتوں یا اُن کے قریب نصب کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔
سال قبل ہوا اور سورج کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ اپنے بالکل ابتدائی مراحل میں تھے۔ دنیا میں اس ٹیکنالوجی کو بجلی پیدا کرنے میں بہت ہی کم استعمال کیا جا رہا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ توانائی بڑی مقدار میں استعمال کرنے والے جرمنی جیسے ممالک میں دیو ہیکل پنکھوں والے یہ پلانٹ بجلی کا 10 فیصد حصہ پیدا کر رہے ہیں۔ شمسی سیلز کی مدد سے پانچ فیصد بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔ اندازہ ہے کہ جرمنی میں سن 2020 تک ایک تہائی بجلی ہوا اور سورج کی توانائی سے حاصل کی جائے گی۔
ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے چھوٹے پلانٹ بھی زیادہ رواج پا رہے ہیں لیکن ابھی تک اُن کا استعمال اتنا زیادہ نہیں بڑھا ہے اور دنیا میں بجلی کی پیداوار میں اُن کا حصہ معمولی سا ہے۔ صرف چین یا منگولیا کے دیہی علاقوں یا امریکی زرعی فارموں پر ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے چھوٹے پلانٹ دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس وقت ان چھوٹے پلانٹس سے بجلی کی پیداوار کے اخراجات بھی بڑے ہوائی پلانٹس سے دوگنا ہیں۔ جن جگہوں پر بہت تیز اور زیادہ ہوائیں چلتی ہیں وہاں یہ اب بھی کافی باکفایت ثابت ہو رہے ہیں۔
اب تک ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے زیادہ تر چھوٹے پلانٹ چین ہی میں تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس طرح وہاں 17 لاکھ سے زائد ایسے افراد بجلی حاصل کر رہے ہیں، جنہیں بجلی کا عام کنکشن دستیاب نہیں ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ہوائی بجلی کی چینی ایسوسی ایشن کے مطابق سن 2010 میں چین میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار چھوٹے پلانٹ بنائے گئے۔ چین کے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے تقریباً ایک تہائی چھوٹے پلانٹ برآمد کیے جاتے ہیں۔
ہوا کی طاقت سے بجلی پیدا کرنے کے چھوٹے پلانٹس
Posted on Jul 04, 2012
سماجی رابطہ