معروف انگریزی جریدے اکونومسٹ کی ایک رپورٹ میں کراچی کو لگاتار دوسرے برس دنیا کا سستا ترین شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ دنیا کے مہنگے ترین شہر کے طور پر سامنے آیا ہے۔
اکونومسٹ کا انٹیلی جنس یونٹ ہر سال دو مرتبہ دنیا کے شہروں پر ایک رپورٹ جاری کرتا ہے جس میں روزمرہ اور گھریلو اشیاء ، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات اور گھریلو خادموں، نجی اسکولوں اور ٹرانسپورٹ جیسی خدمات کی قیمتوں کی بنیاد پر ان شہروں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔
درجہ بندی کے مقصد سے نیویارک کو سو پوائنٹس کے ساتھ نقطۂ آغاز بناتے ہوئے اس کے اوپر یا نیچے ایک سو اکتیس شہروں کے درجات مقرر کیے جاتے ہیں۔
تازہ ترین رپورٹ کے رو سے دنیا کے سستے ترین شہر جنوبی ایشیا میں ہیں جن میں کراچی سستا ترین جبکہ دیگر نو سستے ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت دلی، ممبئی، نیپال کا دارالحکومت کٹھمنڈو اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ شامل ہیں۔
زیورخ اس برس جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا مہنگا ترین شہر بن گیا جبکہ تیسرے نمبر پر بھی جاپانی اور سوئس شہر جنیوا اور اوساکا کوبے ہی ہیں۔
دنیا کے دس مہنگے ترین شہر براعظم ایشیا اور یورپ کے درمیان مساوی تقسیم ہیں یعنی ایشیائی شہر سنگاپور ، سڈنی اور میلبورن اور یورپی شہر اوسلو ، پیرس اور فرینکفرٹ بھی دس سرفہرست مہنگے شہروں میں گنے گئے ہیں۔
خود نیویارک شہر اس فہرست میں ایک اور امریکی شہر شکاگو کے ساتھ مشترکہ طور پر سینتالیسویں نمبر پر ہے جبکہ گزشتہ برس کی فہرست میں نیویارک چھتیسویں نمبر پر تھا۔
کراچی دنیا کا سب سے غریب پرور شہر
Posted on Feb 16, 2012
سماجی رابطہ