خلائی شٹل اٹلانٹس کو نمائش گاہ میں پہنچانے کے لیے راستے میں رکاوٹ بننے والے بجلی کے 120 کھمبوں، ٹریفک کے 23 سگنلز اور 56 اشاروں کو عارضی طور پرہٹانا پڑا۔ خلا میں 33 چکر لگانے اور تقریباً دو کروڑ کلومیٹر سفر کے بعد ریٹائر ہونے والی خلائی شٹل نے فلوریڈا میں ایک دیوہیکل گاڑی کے ذریعے اپنی آخری آرام گاہ کی جانب سفر کا آغاز کیا۔خلائی شٹل کو 76 پہیوں کی ایک گاڑی پر رکھا گیاہے اور وہ تین کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہے۔ خلائی شٹل کو 16 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وزیٹر کمپلکس میں لیجایا جا رہا ہے، جہاں اگلے سال جولائی تک اس کی نمائش جاری رہے گی۔ایکسپلوریشن پارک میں تقریباً ایک سال گذارنے کے بعد اسے دس کروڑ ڈالر کی لاگت سے تیار کیے جانے والے ایک نئے مرکز میں منتقل کیا جائے گا جو ان دنوں زیر تعمیر ہے۔اٹلانٹس کو 1985 میں خلائی بیڑے میں شامل کیا گیا تھا اور وہ ناسا کے خلائی پروگرام کے تحت زمین سے خلا میں بھیجی جانے والی آخری شٹل تھی۔اٹلانٹس نے اپنا آخری سفر ایک سال قبل کیاتھا اور تقریباً 30 سال تک وہ خلائی سفر کے پروگرام کا حصہ رہی اور اس نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے 12 مشن بھی مکمل کیے۔
خلائی شٹل اٹلانٹس کا نمائش گاہ کی طرف سفر
Posted on Nov 06, 2012
سماجی رابطہ