ریسرچ کمپنی گارٹنر کی جانب سے جاری کیے گئے ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق چینی کمپنی ’لینووو‘ پرسنل کمپیوٹر بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔
لینووو نے اس شعبے میں ہیولٹ پیکارڈ (ایچ پی) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ان اعدادوشمار کے مطابق لینووو نے رواں مالی سال کے ’تھرڈ کوارٹر‘ میں ایک کروڑ اڑتیس لاکھ کمپیوٹر فروخت کیے جبکہ ایچ پی کے فروخت ہونے والے کمپیوٹرز کی تعداد ایک کروڑ پینتیس لاکھ پچاس ہزار تھی۔
محققین کے مطابق لینووو کی جانب سے قیمتوں میں کمی نے کمپنی کو فائدہ پہنچایا ہے۔
تاہم ایک اور ریسرچ کمپنی آئی ڈی سی کے ڈیٹا کے مطابق ایچ پی اب بھی سب سے بڑی کمپنی ہے تاہم دونوں کمپنیوں کے درمیان موجود فرق تیزی سے کم ہو رہا ہے۔
آئی ڈی سی کا کہنا ہے کہ ایچ پی نے اس عرصے میں ایک کروڑ انتالیس لاکھ کمپیوٹر بیچے جو عالمی مارکیٹ کا تقریباً سولہ فیصد ہے جبکہ لینووو کے فروخت کردہ کمپیوٹرز کی تعداد ایک کروڑ اڑتیس لاکھ تھی جو عالمی بازار کا پندرہ اعشاریہ سات فیصد ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لینوو حالیہ برسوں میں سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی کمپیوٹر کمپنی رہی ہے اور اس کی آمدن میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
فراسٹ اینڈ سلیون سے تعلق رکھنے والے اینڈریو ملروئی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اس وقت لینووو جس طریقے سے کام کر رہی ہے اسے دنیا کی پرسنل کمپیوٹر بنانے والی سب سے بڑی کمپنی بننے سے روکنا ممکن نہیں‘۔
لینووو کمپیوٹر بنانے والی سب سے بڑی کمپنی
Posted on Oct 11, 2012
سماجی رابطہ