قدیم دور کے بڑے بالوں والے ہاتھیوں کی نسل میمتھ کے حال ہی میں ملنے والے ٹشوز کے بارے میں سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے کچھ خلیوں میں زندگی کے آثار باقی ہو سکتے ہیں۔
تحقیقی ٹیم کے اس بیان سے ہزاروں برس قبل معدوم ہوجانے والے اس قدیم جانور کی دوبارہ زندگی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
کوریا اور روس کی ایک متنازعہ تحقیق میں شریک محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مشرقی سربیا میں زیر زمین Permafrost یعنی مسلسل منجمد رہنے والی تہہ سے میمتھ کے ٹشوز یا بافتوں کے ٹکڑے حاصل کیے ہیں۔ ان محققین کا کہنا ہے کہ ان ٹشوز میں بعض خلیوں میں اب بھی زندگی کے آثار موجود ہو سکتے ہیں۔
ان سیلوں کی موجودگی کی تصدیق کے لیے جنوبی کوریا کی ایک لیبارٹری کی رپورٹ کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔ تاہم اس تحقیقی مہم میں شریک روس کی نارتھ ایسٹرن فیڈرل یونیورسٹی کے محقق سیرگئی فیودروف Sergei Fyodorov کا کہنا ہے کہ اس دریافت کے بعد بہت جلد میمتھ کی کلوننگ کی کوششیں شروع ہو سکتی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بذریعہ فون بات کرتے ہوئے فیودروف کا کہنا تھا، ’’ہم نے میمتھ کے ٹشوز کے یہ حصے اگست کے آغاز میں مشرقی سربیا میں دریافت کیے تھے۔ ہمارا خیال ہے کہ ان میں سے بعض سیلوں کے مرکزے ابھی بھی زندگی کے آثار رکھتے ہیں۔ ہم نے موقع پر موجود مائیکروسکوپس سے ان کا مشاہدہ کیا تو ان سیلوں کی رنگت موجود تھی۔‘‘
خیال کیا جاتا ہے کہ پرمافراسٹ کسی بھی چیز کو لاکھوں سالوں تک زندہ رکھ سکتی ہے، جس سے انسان کو یہ موقع مل سکتا ہے کہ وہ زمانہ قدیم میں معدوم ہوجانے والی بعض مخلوقات کو دوبارہ وجود میں لا سکے۔
اس تحقیقی مہم میں جنوبی کوریا کی Sooam Biotech Research Foundation کے معروف محقق اور کلوننگ کے بانی ہوانگ وو سک بھی شامل تھے۔
بڑے بڑے بالوں اور دانتوں والے قدیم ہاتھیوں کی نسل میمتھ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ قریب چار ہزار برس قبل معدوم ہو گئی تھی۔
عالمی حدت میں اضافے کے باعث سربیا کے بعض علاقوں میں برف پگھلنے کے بعد سائنسدانوں کی امید کا در بھی وا ہو گیا ہے کہ وہاں سے ملنے والی میمتھ کی باقیات سے اس قدیم جانور کو دوبارہ وجود میں لانا ممکن ہو سکتا ہے۔
قبل ازیں روسی محققین کی موجودہ ٹیم 1990ء کی دہائی میں جاپانی سائنسدانوں کے ہمراہ میمتھ کی تلاش میں سربیا جا چکی ہے۔ اس ٹیم کو وہاں قدیم جانور کی جلد کے کچھ حصے ملے تھے، جن کے بارے میں خیال تھا کہ یہ میمتھ کی جِلد ہو سکتی ہے۔ تاہم تحقیق کے بعد یہ ڈائناسارس کی نسل رینوسیروس کی جِلد ثابت ہوئی تھی۔
میمتھ کی کلوننگ، پیشرفت کا دعویٰ
Posted on Sep 14, 2012
سماجی رابطہ