سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنا اولین کمپیوٹر برانڈ مارکیٹ میں متعارف کروادیا ہے، جسے Surface کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹیبلیٹ کمپیوٹر ایپل کی اجارہ داری کے خلاف ونڈوز کی ساکھ بہتر کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکیٹیو اسٹیو بالمیر نے گزشتہ روز لاس اینجیلس میں Surface کی تقریب رونمائی میں کہا کہ یہ ایک پی سی اور ایک ٹیبلیٹ ہے، جسے لوگ حقیقت میں پسند کریں گے۔ مائیکرو سافٹ کے مطابق سب سے چھوٹا Surface ٹیبلیٹ نو اعشاریہ تین ملی میٹر چوڑا اور ایک اعشاریہ پانچ پونڈز وزنی ہے۔ واضح رہے کہ اس کے مد مقابل ایپل کے سب سے چھوڑے ٹیبلیٹ کی چوڑائی نو اعشاریہ چار ملی میٹر اور وزن ایک اعشاریہ چار پونڈز ہے۔ ایپل کی نو اعشاریہ سات انچ کی اسکرین کے مقابلے میں Surface کی اسکرین 10 اعشاریہ چھ انچ کے برابر ہے۔
مائیکرو سافٹ کے مطابق ان کے ٹیبلیٹ کمپیوٹر کے ساتھ Kickstand میگنیٹک کور جڑا ہوا ہے، جو ایک ٹچ کی بورڈ کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ ٹیبلیٹ کمپیوٹر سیلیولر ڈیٹا نیٹ ورک سے منسلک ہوگا یا محض وائی فائی سے۔ ونڈوز کے چیف ایگزیکیٹیو اسٹیو سینوفسکی نے کہا کہ مائیکرو سافٹ خود ہی اپنے منتخب اسٹورز پر اس ٹیبلیٹ کمپیوٹر کی فروخت کا کام سرانجام دے گی۔
مائیکرو سافٹ نے ان کمپنیوں کا حوالہ بھی نہیں دیا جو اس ٹیبلیٹ کمپیوٹر کے ہارڈ ویئرز تیار کر رہی ہیں اور نہ ہی Surface کی مارکیٹ میں دستیابی کی کوئی حتمی تاریخ بتائی۔ اتنا البتہ واضح کر دیا گیا ہے کہ Windows 8 کے ساتھ ہی Surface کو بھی عام صارفین کے لیے بازار میں رکھ دیا جائے گا۔ ونڈوز آٹھ کا اجراء رواں سال کی دوسری ششماہی میں متوقع ہے۔
مائیکرو سافٹ کے ذرائع کے مطابق ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کو مدنظر رکھتے ہوئے ونڈوز آٹھ اور اس کے ایک متبادل آپریٹنگ نظام RT کو ترتیب دیا گیا ہے۔ لاس اینجیلیس میں اجراء کے موقع پر مائیکرو سافٹ کے اعلیٰ افسران نے واضح کیا کہ وہ اپنے ٹیبلیٹ کے معیار کے سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور صارفین اسے محض انٹرنیٹ اسرپنگ اور فلمیں دیکھنے کے علاوہ پیشہ ورانہ امور کے لیے بھی استعمال میں لاسکیں گے۔ مائیکرو سافٹ نے اپنے ٹیبلیٹ کی ایک کی بورڈ کے ساتھ استعمال کی بھی خوب تشہیر کی، جس ضمن میں وہ ایپل سے خاصے آگے ہیں۔
مائیکرو سافٹ کا ٹیبلیٹ کمپیوٹر کی دنیا میں پہلا قدم
Posted on Jun 20, 2012
سماجی رابطہ