دنیا میں ایسے افراد کروڑوں میں ہیں جنہیں نظر کی عینک کی ضرورت پڑتی ہے اور ایسے لوگ بھی کچھ کم نہیں ہیں، جنہیں یہ علم ہی نہیں ہے کہ ان کی نظر کمزور ہے۔کمزور نظر کا علاج ہے نظر کی عینک، یا کنٹیکٹ لینس یا پھر لیزر کے ذریعے آنکھ کے عدسے کی درستگی۔تاہم کچھ لوگ وٹامنز اور مقویات کھا کر بھی خود کو بہلانے کی کوشش کرتے ہیں۔نظر کی کمزوری پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں جو چیز سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے ، وہ ہے عینک۔ کچھ لوگوں کو پڑھنے کے لیے اور کچھ کو دور کی چیزیں دیکھنے کے لیے عینک کی ضرورت پڑتی ہے۔ایسے افراد بھی کچھ کم نہیں ہیں،جن کی نزدیک اور دور ، دونوں ہی نظریں کمزور ہوتی ہیں۔ وہ یا تودو الگ الگ یاپھر ایسی عینک استعمال کرتے ہیں جس میں دور اور نزدیک دونوں عدسے ہوتے ہیں۔مگر بات یہیں تک محدود نہیں ہے مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے کہ جب دور ، نزدیک اور درمیانے فاصلے تینوں جگہ دیکھنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ درمیانے فاصلے کی نظر کی کمزوری عمر اور وقت کے ساتھ بڑھتی رہتی ہے۔ اس کا ایک حل ہے پراگریسو لینس۔ یہ خصوصی عدسے دور سے نزدیک تک مخصوص نمبرکے درمیان ہرفاصلے پر صاف دیکھنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ مگر یہ بہت مہنگے ہوتے ہیں ، کیونکہ انہیں ہر آنکھ کے نمبر اور ضرورت کے مطابق انفرادی طورپر تیار کیا جاتا ہے۔تاہم اب ماہرین کا کہنا ہے کہ ان سارے مسائل سے چھٹکارہ ملنے کے دن قریب آگئے ہیں اور روایتی عینک اب بننے جارہی ہے ماضی کی ایک شے۔اس سال کے آخر سے ایسی الیکٹرانک عینکوں کا استعمال شروع ہونے والا ہے جو آپ کی آنکھ کی ضرورت اور جس چیز کو آپ دیکھنا چاہیں گے، اس کے فاصلے کو سامنے رکھتے ہوئے خود کو ایڈجسٹ کرلے گی۔توقع ہے کہ الیکٹرانک عینک اس سال کے آخر تک امریکا اور اگلے سال برطانیہ میں فروخت کے لیے پیش کردی جائے گی۔الیکٹرانک عینک برقی رو کے ذریعے کام کرتی ہے اور اس کے خصوصی عدسوں سے بجلی کا چارج گذر سکتا ہے جو اسے اپنانمبر سیٹ کرنے میں مدد دیتا ہے۔برقی عینک کی ساخت کچھ اس طرح کی ہے کہ اس کے ہر عدسے کے درمیان مائع کرسٹل کی ایک تہہ ہوتی ہے۔ جب عینک استعمال کرنے والا کسی چیز کو دیکھتا ہے تو مائع کرسٹل سے گذرنے والی برقی لہر ، فوکس کا تعین کرکے نمبر سیٹ کردیتی ہے۔ بالکل ایسے ہی جس طرح ڈاکٹر آپ کو ایک کمپیوٹر مشین کے سامنے بٹھا کر آپ کی عینک کا نمبر نکال لیتا ہے۔
نظر کی عینک یا کنٹیکٹ لینس اب دونو ں کی چھٹی
Posted on Feb 25, 2011
سماجی رابطہ