پاکستان نے ہاکی کے فائنل مقابلے میں ملائشیا کو دو صفر سے ہرا کر چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں تیسرا گولڈ میڈل 20 سال بعد دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔
چین کے شہر گوانک زوہو میں ہونے والے اس مقابلے میں پنلٹی کارنر کے ماہرسہیل عباس نے کھیل کے بیسویں منٹ میں اس وقت پاکستان کو سبقت دلوائی جب انہوں نے پنلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کر دیا۔
سٹرائیکر ریحان بٹ نے دوسرے ہاف میں ایک اور گول مار کر پاکستان کی جیت کے امکانات کو اور مضبوط بنا دیا۔35 سالہ سہیل عباس کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور سیلاب کی مشکلات کے اس ماحول میں میرے خیال میں یہ جیت ہماری جانب سے ملک کی عوام کے لیے یہ ایک تحفہ ہے‘۔
سہیل عباس کا کہنا ہے کہ اگر وہ فٹ رہے تو 2012 میں لندن اولمپکس میں کھیلیں گے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان 33 سالہ ذیشان اشرف نے ٹیم کی کیمیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ اب مزید جونیئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا وقت آگیا ہے۔
ادھر ملائشیا کے ہاکی کھلاڑیوں نے فائنل میں کامیابی حاصل کرنے اور’ بدروحوں کو دور کرنے کے لیے‘ اپنے سر منڈوا لیے تھے۔
پاکستان نے اس سے قبل ہاکی میں 1990 میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔
ایشین گیمز کے فائنل میں جیت کر پاکستان نے 2012 میں لندن میں ہونے والے اولمپک گیمز میں اپنی نشست یقینی بنا لی ہے۔
پاکستان ہاکی کا ایشین چیمپئن
Posted on Feb 25, 2011
سماجی رابطہ