دنیا بھر میں پرسنل کمپیوٹر یعنی پی سی کی فروخت میں گذشتہ پندرہ ماہ سے کمی دیکھی جا رہی ہے جس کے بعد تاریخ میں پرسنل کمپیوٹر کی فروخت میں کمی کا یہ تاریح کا طویل ترین عرصہ بن گیا ہے۔
مارکیٹ تحقیقات کی کمپنی گارنر کے مطابق اس سال گذشتہ چار ماہ کے عرصے میں چھہتر ملین یونٹ فروخت کیے گئے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں دس اعشاریہ نو فیصد کم ہیں۔
گذشتہ چند سالوں میں ٹیبلٹ آلات کی مقبولیت کی وجہ سے پی سی کی سیلز میں کمی آئی ہے۔
گارنر کا کہنا ہے کہ کم قیمت کے ٹیبلٹ آلات کے متعارف کروائے جانے سے خاص کر کے ابھرتی ہوئی معشتوں میں پی سی کو مزید دھچکا لگا ہے۔
گارنر کے اہم تجزیہ کار میکاکو کٹاگاوا نے ایک بیان میں کہا کہ ’ابھرتی ہوئی معیشتوں میں لوگ پی سی خریدنے کو ملتوی کر رہے ہیں اور سستے ٹیبلٹ آلات کو ترجیح دے رہے ہیں۔‘
ادھر ایک اور کمپنی آئی ڈی سی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں اسی عرصے کے دوران پی سی کی سیلز میں گیارہ اعشاریہ چار فیصد کمی دیکھی گئی۔
آئی ڈی سی اپنے اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے ایک علیحدہ طریقۂ کار استعمال کرتا ہے جس کے مطابق گذشتہ چار ماہ میں پچھہتر اعشاریہ چھ ملین یونٹ فروخت کیے گئے۔
تاہم آئی ڈی سی کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار ان کی توقعات سے بہتر ہیں اور آئندہ چند ماہ میں وہ پی سی کی سیلز میں بہتری کی امید کرتے ہیں۔
تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ اس شعبے کو مشکلات اور خطروں کا سامنا ہے اور حالات بہتر کرنے کے لیے بہت کام کی ضرورت ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ یورپ اور چین میں قدرے سست روی کے ساتھ معیشت میں بہتری ان خطرات کو ظاہر کرتی ہے جبکہ امریکہ میں حالات کے بہتری کی جانب جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔
کمپنی کے مطابق ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں پی سی کی عدم مقبولیت اس شعبے کے مستقبل میں مشکلات کو ظاہر کرتا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اس کے علاوہ پی سی کمپیوٹروں کی قیمتوں میں کمی اور ان کے ٹچ کمپیٹنگ کو شامل کرنے سے یہ مارکیٹ میں مقابلہ تو کر سکیں گے لیکن ٹیبلٹ آلات کا سامنا کرنے والے پی سی بنانے کے لیے ابھی بہت کام کی ضرورت ہے۔‘
اس سے پہلے آئی ڈی سی کا کہنا تھا کہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی تازہ ترین ونڈوز 8 بھی کمپیوٹر کی صنعت کو سنبھالا دینے میں ناکام رہی ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں پرسنل کمپیوٹرز کی فروخت میں کمی کی وجہ سے دوسری کمپنیوں نے ان کمپیوٹرز کے نئے ڈیزائن متعارف کروانے کا فیصلہ ترک کر دیا ہے۔
آئی ڈی سی کے نائب صدر باب اوڈونل کے مطابق بدقسمتی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ونڈوز 8 کو متعارف کروانے کے باوجود بھی پرسنل کمپیوٹرز کی فروخت میں کوئی مثبت اضافہ نہیں ہوا۔
باب اوڈونل نے کہا تھا کہ ونڈوز 8 کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ ٹچ سکرین کا اچھے طریقے سے استعمال کر سکتی ہے تاہم اس سے کمپیوٹر کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ اس بارے میں فوری تبصرے کے لیے دستیاب نہیں تھی۔
پرسنل کمپیوٹر کی مقبولیت میں کمی
Posted on Jul 13, 2013
سماجی رابطہ