مائیکروسافٹ کے سابق سربراہ بل گیٹس نے کہا ہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے بچتی منصوبی اور بجٹ کٹوتیوں کے باوجود دنیا سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی برادری کو بھرپور اور حتمی کوششیں کرنا ہوگی۔ اپنے دورہ گھانا کے موقع پر فرا نسیسی خبر رساں ادارے سے ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ پولیو ویکسینیشن میں مصروف کارکنوں کے خلاف تشدد کے باوجود اس بیماری کے خلاف ٹھوس اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے مختلف لوگوں کی جانب سے سامنے آنے والے ان بیانات کو تنقید کا نشانہ بنایا جن میں کہا جا رہا ہے کہ کوششیں اور سرمایہ پولیو کے مرض سے زیادہ اہم مسائل پر خرچ کر کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص یہ سوچتا ہے کہ پولیو پر رقم خرچ کرنا بند کر کے سرمایہ بچایا جا سکتا ہے تو وہ جان لے کہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اب دنیا میں صرف تین ممالک (نائیجیریا، افغانستان اور پاکستان) ایسے ہیں جہاں یہ مہلک بیماری موجود ہے۔ ان تینوں ممالک میں گیٹس فاؤنڈیشن اس بیماری کے خلاف کاوشوں میں ہراول دستے کے طور پر سرگرم ہے اور یہ فاؤنڈیشن دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے 900 ملین ڈالر سالانہ کے حساب سے سرمایہ فراہم کر رہی ہے۔
پولیو کے خاتمے کیلئے حتمی کوششیں کرنا ہونگی، بل گیٹس
Posted on Mar 27, 2013
سماجی رابطہ