آسٹریلوی کمپنی کوگن ڈاٹ کام نے مائیکروسافٹ کے انٹرنیٹ برائوزر ’آئی ای سیون‘ کے ذریعے ان کی ویب سائٹ کے استعمال پر ٹیکس عائد کر دیا ہے۔
جو صارفین آئی ای سیون براؤزر کے ذریعے کوگن ڈاٹ کام سے اشیا خریدیں گے، انہیں ایک اضافی فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔
کوگن ڈاٹ کام کے چیف ایگزیکٹوو رسلن کوگن نے بی بی سی کو بتایا کہ اس فیس کا مقصد ان اخراجات کو پورا کرنا ہے جو کہ کپنی کو اپنی ویب سائٹ کو اس پرانے برائوزر کے ذریعے قابلِ استعمال بنانے پر خرچ ہوتے ہیں۔
اس اضافی ٹیکس کی شرح چھ اشاریہ آٹھ فیصد طے کی گئی ہے جو کہ آئی عی سیون کی آمد سے اب تک صفر اشاریہ ایک فیصد کا حساب بنتا ہے۔ ہر ماہ اس فیس میں صفر اعشاریہ ایک فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔
رسلن کوگن کا کہنا تھا کہ کمپنی کو اس فیس کو عائد کرنے کا خیال تب آیا جب انہوں نے اپنی ویب سائٹ کا نیا ورژن متعارف کرانے کے لیے اس پر کام شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے صرف تین فیصد صارفین یہ پرانا براؤزر استعمال کرتے ہیں ان کی ٹیم کو ویب سائٹ کو مکمل طور پر اس براؤزر کے لیے قابلِ استعمال بنانے میں بہت وقت لگ جاتا ہے جو کہ دوسری براؤزرز کے لیے مختص وقت کے برابر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں شاید ہی کوئی یہ فیس ادا کرئے اور اس کا مقصد لوگوں کو جدید تر براؤزر استعمال کرنے کے لیے راغب کرنا ہے۔
انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں اپنے صارفین سے اس اقدام کے لیے کافی داد ملی ہے۔
آئی ای سیون سنہ دو ہزار چھ میں متعارف کروایا گیا تھا تاہم مائیکروسافٹ اس کے بعد دو جدید تر ورژن متعارف کروا چکا ہے۔ ’آئی سی ٹین‘ یعنی اس براؤزر کے جدید ترین ورژن کی آمد اسی سال متوقع ہے۔
پرانے براؤزر کے استعمال پر ٹیکس لاگو
Posted on Jun 16, 2012
سماجی رابطہ