امریکہ میں ایک ایسا بلب بازار میں متعارف کروایا گیا ہے جو بیس سال تک کارآمد رہےگا۔
نیدرلینڈ کی برقی سامان بنانے والی کمپنی فلپس نے اس ایل ای ڈی بلب کو تیار کیا ہے اور بازار میں اس کی قیمت ساٹھ ڈالر ہے۔
تاہم فلپس اور امریکی مارکیٹس کے معاہدے کے نتیجے میں کچھ مقامات پر یہ بلب رعایتی نرخ یعنی بیس ڈالر میں بھی دستیاب ہوگا۔
اس بلب نے امریکہ میں ساٹھ واٹ کے عام بلب کے متبادل کی تلاش کے لیے کروایا جانے والا ’برائٹ ٹومارو‘ یا ’روشن کل‘ مقابلہ بھی جیتا ہے۔
امریکہ میں توانائی کے محکمے نے کمپنیوں سے کہا تھا کہ وہ بلب کا ایسا ڈیزائن تیار کریں جو کم توانائی استعمال کرتے ہوئے پرانے بلب کی طرح روشنی دے۔
فلپس نے اس مقابلے میں حصہ لیا اور اس کے ڈیزائن پر اٹھارہ ماہ کے تجربات کے بعد اسے فاتح قرار دیا گیا۔
فلپس بازار میں پہلے ہی ایل ای ڈی بلب فروخت کر رہا ہے اور اسے’ كمپیكٹ فلوروسنٹ لائٹ‘ سے سخت مقابلے کا سامنا ہے جس میں بجلی تو ایل ای ڈی بلب کے برابر ہی خرچ ہوتی ہے لیکن اس کی قیمت کافی کم ہے۔
امریکہ میں حکومتی سطح پر ایسے بلب کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے جو کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔
امریکہ اور یورپ میں سو واٹ کے بلب کی پیداوار بند ہو چکی ہے۔ یورپ میں تو ساٹھ واٹ کے بلب کی پیداوار بھی رک چکی ہے جبکہ امریکہ میں جلد ہی اس پر پابندی لگ جائے گی اور سنہ دو ہزار چودہ کے بعد سے امریکہ میں چالیس واٹ کے بلب کے استعمال پر بھی پابندی لگ جائے گی۔
ساٹھ ڈالر کا بلب بیس سال چلے گا
Posted on Apr 24, 2012
سماجی رابطہ