اسپین کے بحر اوقیانوسی ساحل پر موتریکو نامی گاؤں واقع ہے۔ یہاں ساحل سے بلند ہوتے ہوئے پہاڑ پر رنگ برنگے مکانات کھڑے ہیں۔ سمندر میں ماہی گیری کی کشتیوں کے ساتھ ساتھ بادبانی کشتیاں اور جہاز بھی نظر آتے ہیں، جو شوقین مزاج سیاحوں یا خوشحال ہسپانوی باشندوں کی ملکیت ہو سکتے ہیں۔ پانچ ہزار کی آبادی والا یہ گاؤں سان سبستیان سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ کسی نووارد یا اجنبی کو یہ گمان بھی نہیں ہو سکتا کہ اس چھوٹے سے دیہات میں ایک جدید ترین بجلی گھر ایستادہ ہے۔
اس پلانٹ نے اس سال جولائی میں کام کرنا شروع کیا تھا اور یہ تقریباً چھ سو افراد کو بجلی فراہم کرتا ہے۔ اسپین کے باسک علاقے کی انرجی ایجنسی کے سربراہ خوزے اگناسیو ہورمیتس کو اس پلانٹ پر فخر ہے: ’’آج سے موتریکو لہروں کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں ایک اہم نام بن گیا ہے۔ یہ پہلا پلانٹ ہے، جو آبی لہروں کی توانائی سے بجلی پیدا کرکے اسے صارفین کو فراہم کر رہا ہے۔‘‘
سمندر کی ساحلی دیوار سے ٹکرانے والی طاقتور موجوں کے اندر کی طاقت کو ایک جنریٹر کی مدد سے بجلی میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ پلانٹ کنکریٹ سے بنی ایک عمارت کے اندر نصب ہے۔ انجینئر تورے نے ایک بھاری آہنی گیٹ کو کھولا جس سے گذر کر پاور پلانٹ میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔ پلانٹ میں سولہ چیمبر بنے ہوئے ہیں، جو سمندر کے رُخ پر کھلے ہوئے ہیں۔ تورے نے کہا: ’’جب لہریں ان میں اچھل کرداخل ہوتی ہیں تو وہ ہوا کو دباتی ہیں۔ ہوا کے اس شدید دباؤ سے ایک ٹربائن حرکت کرنے لگتا ہے، جس سے منسلک جنریٹر اسے بجلی کی شکل دے دیتا ہے۔‘‘
اس قسم کے تجرباتی پلانٹ تو بہت سے ہیں، جواس تکنیک کے ذریعے بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن اسپین کا یہ پاور پلانٹ وہ واحد پلانٹ ہے، جو تجارتی بنیاد پر اس قسم کے پلانٹ سے بجلی پیدا کرتا ہے۔ پلانٹ کے ٹربائن ایک جرمن الیکٹرک فرم کی اسکاٹ لینڈ کی شاخ نے بنائے ہیں اور پلانٹ کا بقیہ حصہ اسپین کی فرم نے بنایا ہے۔
تنصیبات کے اخراجات حکومت کے قدرتی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے خصوصی فنڈ سے بھی پورے کیے گئے ہیں۔
بجلی فراہم کرنے والی بڑی ہسپانوی فرم EVE کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ بجلی پیدا کرنے کے قابل تجدید یا قدرتی ذرائع کے میدان کو اور زیادہ وسعت دینا چاہتی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی پیچیدہ ہے اور جتنی رقم اس پر خرچ کی جاتی ہے، اُس کے مقابلے میں اس کی بجلی کی پیداوار کم ہے۔ لیکن اس کے حامیوں کی دلیل یہ ہے کہ بجلی پیدا کرنے کا یہ طریقہ ہمیں پیداوار کے ایسے طریقوں سے بچاتا ہے، جو انسانوں، دوسرے جانداروں اور ماحول کے لیے مضر ہیں۔ اس کے علاوہ یہ صنعت اور مختلف کمپنیوں کے لیے نئی ٹیکنالوجی ایجاد کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
سمندری لہروں سے بجلی پیدا کرنے والا پہلا پاور پلانٹ
Posted on Sep 23, 2011
سماجی رابطہ