اسلام آبادسیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر ملک بھر میں یوم آزادی سادگی سے منایا جارہا ہے۔ تاہم بڑے شہروں میں منچلے نوجوان موٹرسائیکلوں پر نکل آئے اور آزادی پر اپنے بھرپور جذبات کا اظہار کرتے رہے۔ کوئٹہ میں ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے یوم آزادی سیلاب کی وجہ سے سادگی سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اور وفاقی دارالحکومت میں تمام تقریبات سمیت توپوں کی سلامی اور پرچم کشائی کی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس بارے میں وفاقی حکومت کی جانب سے تمام اداروں، وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کردی گئی ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں منچلے نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر جشن آزادی منایا۔ نوجوانوں نے سڑکوں پر موٹر سائیکلوں پر ون وہیلنگ کی اور گاڑیوں میں ملی نغمے لگا کر شہر کا چکر لگایا ۔ یوم آزادی سادگی سے منائے جانے کے اعلان اور سیلاب زدگان کی حالت زار کے پیش نظر عوام نے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ نہیں گیا۔لاہور سمیت ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں لوگ رات کے بارہ بجے کے بعد سڑکوں پر نکل آئے۔ نوجوان ٹولیوں کی شکل میں موٹر سائیکلوں پر جبکہ بہت سے لوگ گاڑیوں میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ سڑکوں پر قومی پرچم تھام کر سڑکوں پر نکل آئے۔ گاڑیوں میں اونچی آواز میں قومی ترانے لگائے گئے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس خوشی کے موقع پر وہ اپنے سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کو نہیں بھولے اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔کراچی میں گزشتہ برسوں کی نسبت یوم آزادی کے موقع پر سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں نہیں کیا گیا۔ ساحلِ سمندر پر موٹر سائیکل سوار نوجوان قومی پرچم تھامے پر پہنچے اور اپنے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ تاہم وہاں روایتی گہما گہمی نظر نہیں آئی۔کوئٹہ میں میکانکی روڈ پر شہری یوم آزادی کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کرتے نظر آئے۔شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔صوبہ سرحد جہاں سیلاب نے سب سے زیادہ تباہی مچائی اس کے دارالخلافہ پشاور میں یوم آزادی انتہائی سادگی سے منایا جار ہا ہے ۔ صدر بازار جو ایسے موقع پر کچھا کھچ بھرا ہوتا ہے ویران نظر آیا۔ تاہم دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہونے کے باوجود پشاور میں کئی نوجوان یوم آزادی پر موٹر سائیکلوں پر نکلے اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔
سیلاب سے تباہی ، یوم آزادی سادگی سے منایا جارہا ہے
Posted on Feb 25, 2011
سماجی رابطہ