آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں شوقیہ طور پر سونا تلاش کرنے والے ایک شخص نے ساڑھے پانچ کلو وزنی سونے کی ڈلی دریافت کی ہے جسے ماہرین ایک حیرت انگیز واقعہ قرار دے رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس ڈلی کی قیمت تین لاکھ آسٹریلوی یا تین لاکھ پندرہ ہزار امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ اس نامعلوم شخص نے بالارات نامی قصبے میں ایک دھاتوں کی نشاندہی کرنے والے آلے کی مدد سے یہ ڈلی ڈھونڈی جو کہ زمین کے دو فٹ نیچے موجود تھی۔ مقامی ماہرین کے مطابق اس علاقے میں سونے کی تلاش کا عمل کئی دہائیوں سے جاری ہے لیکن اتنے بڑے ٹکڑے کی دریافت شاذ و نادر ہی ہوتی ہے۔ بالارات مائیننگ ایکسچینج گولڈ شاپ کے مالک کورڈل کینٹ کا کہنا ہے کہ 'میں خود دو دہائیوں سے سونے کی تلاش کرتا ہوں اور مجھے نہیں یاد کہ یہاں کبھی سو اونس سے بھاری ٹکڑا ملا ہو'۔ اس سونے کے ٹکڑے کی ایک ویڈیو کو یو ٹیوب پر بھی اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے صارف کے مطابق سونے کا ٹکڑا ڈھونڈنے والا شخص جب میٹل ڈیٹیکٹر اس کے قریب لایا تو اسے لگا کہ وہاں کوئی بہت بڑی چیز ہے جیسے کہ گاڑی کا بونٹ۔ کورڈل کینٹ کے مطابق اس ٹکڑے کا وزن 177 اونس ہے اور اس وقت آسٹریلیا میں سونے کی فی اونس قیمت سولہ سو ڈالر ہے لیکن چونکہ یہ ٹکڑا وزن میں ایک کلو سے زائد ہے تو اس کی فی اونس قیمت نسبتاً زیادہ لگ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹکڑا تلاش کرنے والا شخص بہترین قسم کا میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کر رہا ہوگا جبھی وہ نسبتاً زیادہ گہرائی میں دبا ہوا یہ ٹکڑا تلاش کرنے میں کامیاب رہا ورنہ اس علاقے میں لوگ کافی عرصے سے سونا تلاش کرتے رہے ہیں۔
سونے کے 5 کلو وزنی ٹکڑے کی دریافت
Posted on Jan 18, 2013
سماجی رابطہ