بلیک بیری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تھورسٹن ہائنز کے مطابق اگلے پانچ برسوں کے دوران اسمارٹ فونز اس حد تک طاقتور ہو جائیں گے کہ وہ کسی بھی طرح کے ڈسپلے کے لیے پراسیسنگ کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
اسمارٹ فونز میں تیزی سے ہوتی ہوئی جدت کی وجہ سے ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی افادیت اگلے پانچ برسوں کے دوران ختم ہو جائے گی۔ کے مطابق اگلے پانچ برسوں کے دوران اسمارٹ فونز اس حد تک طاقتور ہو جائیں گے کہ وہ کسی بھی طرح کے ڈسپلے کے لیے پراسیسنگ کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق بلیک بیری نامی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر تھورسٹن ہائنز (Thorsten Heins) کا امریکی بلومبرگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’اگلے پانچ برسوں کے بعد میرا نہیں خیال ہے کہ ٹیبلٹ کمپیوٹر رکھنے کی کوئی ضرورت باقی رہے گی۔ تب آپ کے دفتر میں کوئی بڑی اسکرین تو ہو سکتی ہے مگر ٹیبلٹ نہیں۔ ٹیبلٹ کمپیوٹر بذات خود کوئی اچھا کاروباری ماڈل نہیں ہے۔‘‘
کینیڈا کی بلیک بیری نامی کمپنی، جس کا سابقہ نام RIM تھا، اسمارٹ فون مارکیٹ پر کبھی راج کرتی رہی ہے اور اس کے تیار کردہ اسمارٹ فونز خاص طور پر کاروباری اور حکومتی ایگزیکٹیوز میں معروف رہے ہیں۔ تاہم اس وقت یہ کمپنی اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کی بحالی اور مارکیٹ شیئر کے حصول کے لیے سخت کوششیں کرتی نظر آتی ہے۔
ہائنز کے ان خیالات سے اندازہ ہوتا ہے کہ بلیک بیری اپنے ناکام ٹیبلٹ کمپیوٹر ’پلے بُک ٹیبلٹ‘ کے بعد اس میدان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ 2011ء میں لانچ کیے جانے والے اس ٹیبلٹ کمپیوٹر کو صارفین کی طرف سے کوئی خاطر خواہ پذیرائی نہیں مل پائی تھی۔
ہائنز نے اپنے تازہ انٹرویو میں تو اس بات کی تفصیلی وضاحت نہیں کی کہ ان کی پیشین گوئی کی اصل وجہ کیا ہے، البتہ وہ اپنے سابقہ انٹرویوز میں یہ بات دہراتے رہے ہیں کہ مستقبل کی کمپیوٹرز سے متعلق کائنات میں اسمارٹ فونز مرکزی حیثیت کے حامل ہوں گے۔ گزشتہ برس نومبر میں نیویارک ٹائمز کو ایک انٹرویو میں ہائنز نے کہا تھا، ’’اگلے تین سے پانچ برس کے دوران آپ اپنا لیپ ٹاپ ساتھ لیے لیے نہیں پھریں گے۔ تب اسمارٹ فونز نہ صرف مستقبل کے پرسنل کمپیوٹر ورک اسٹیشنز کو چلائیں گے بلکہ لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی بھی جگہ لے لیں گے۔‘‘
رواں برس مارچ میں اے بی سی نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ہائنز کا کہنا تھا، ’’یہ اب محض اسمارٹ فون نہیں رہا بلکہ اب اس میں آپ کے پرسنل کمپیوٹر جتنی طاقت ہے۔ یہ محض آپ کے تصور پر منحصر ہے کہ آپ اس کی مدد سے کیا کیا کچھ کر سکتے ہیں۔‘‘
ٹیبلٹ کمپیوٹرز اگلے پانچ برس میں ختم ہو جائیں گے
Posted on May 02, 2013
سماجی رابطہ