سال 2011ء کا نوبل انعام برائے طب تین ایسے طبی محققین کے نام ہوا ہے جنہوں نے اپنی تحقیق کے ذریعے اس راز سے پردہ اٹھایا تھا کہ انسانی جسم کا مدافعتی نظام یا ’امیون سسٹم‘ کیسے کام کرتا ہے۔
نوبل انعام برائے طب اور فزیالوجی کا اعلان کرنے والے سویڈن کے کیرولنسکا Karolinska انسٹیٹیوٹ کے مطابق اس برس کا انعام امریکی سائنسدان بروس بیوٹلر Bruce Beutler، لکسمبرگ میں پیدا ہونے والے فرانسیسی سائنسدان ژُول ہوفمان Jules Hoffmann اور کینیڈین نژاد امریکی سائنسدان رالف سٹائنمن Ralph Steinman کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔
انسٹیٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق: ’’اس سال کے نوبل انعام یافتگان نے امیون سسٹم کو حرکت میں لانے کے لیے ایسے طریقہ ہائے کار دریافت کیے ہیں، جن سے مدافعتی نظام کو سمجھنے کی انسانی صلاحیت میں انقلابی بہتری پیدا ہوئی ہے۔‘‘
رالف سٹائنمن کا انتقال جمعے روز ہوا ہے۔ کینیڈا کی راک فیلر یونیورسٹی کی طرف سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر سٹائنمن کو گزشتہ چار سال سے لبلبے کا کینسر تھا اور وہ جمعہ 30 ستمبر کو انتقال کر گئے۔
ان تین سائنسدانوں کو نوبل انعام کے ساتھ 10 ملین سویڈن کرونے کی رقم بھی بطور انعام دی جائے گی۔ یہ رقم 1.46 ملین امریکی ڈالرز کے برابر ہے۔ ان میں سے پانچ ملین کرونے رالف سٹائنمن کو جبکہ بقیہ پانچ ملین بیوٹلر اور ہوفمان میں برابر برابر تقسیم ہوں گے۔
ان تین سائنسدانوں کی تحقیق انفیکشن کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کے خلاف بہتر ویکسین کی تیاری کے لیے بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ اس تحقیق سے کینسر پر قابو پانے کے ایک نئے طریقہ علاج کا در بھی وا ہوا ہے۔ اس تحقیق کی بدولت نئی طرح کی ویکسینز کی تیاری کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے جنہیںtherapeutic vaccines کا نام دیا گیا ہے اور جن کے ذریعے مختلف ٹیومرز کے علاج کے لیے ان کے خلاف انسانی مدافعتی نظام کو ہی فعال کیا جاتا ہے۔
انسانی مدافعتی نظام کی پیچیدگیاں معلوم ہونے سے ’انفلیمیٹری ڈیزیز‘ یعنی سوزش کے ذریعے پیدا ہونے والی بیماریوں مثلاﹰ rheumatoid arthritis کے علاج کے بارے میں مفید معلومات حاصل ہوئی ہے۔ ان بیماریوں کی صورت میں انسان جسم کا مدافعتی نظام الٹا اپنے ہی ٹشوز پر حملہ کرنے لگتا ہے۔
ہر برس دیے جانے والے نوبل انعامات میں سے طب عام طور پر پہلا شعبہ ہوتا ہے جس کے بارے میں اعلان کیا جاتا ہے۔ سائنس، ادب اور امن کے نوبل انعامات کا آغاز ڈائنامائٹ تیار کرنے والے معروف موجد اور تاجر البرٹ نوبل کی خواہش پر 1901ء میں شروع کیا گیا تھا۔
طب کا نوبل انعام مدافعتی نظام کے راز دریافت کرنے والوں کے نام
Posted on Oct 04, 2011
سماجی رابطہ