19 جون 2014
وقت اشاعت: 11:23
خیبر پختون خوا :چار ماہ میں 17 خواتین زچگی کے دوران جاں بحق
پشاور......خیبر پختون خوا میں رواں سال پہلے چار ماہ کے دوران 17 خواتین زچگی کے دوران جان کی بازی ہار گئیں جبکہ 949 نوزائیدہ بچے بھی موت کی آغوش میں چلے گئے۔جیوکو ملنے والی رپورٹ کے مطابق خیبر پختون خوا میں رواں سال جنوری سے اپریل تک سترہ خواتین زچگی کے دوران جان کی بازی ہار گئیں۔جبکہ 949 نوزائیدہ بچے بھی موت کی آغوش میں گئے۔مختلف نوعیت کے آپریشنز کے لئے اسپتالوں میں لائے گئے 79 افراد جاں بحق ہوئےجبکہ امراض قلب میں مبتلا 210 افراد اسپتالوں میں دوران علاج موت سےدوچار ہوئے۔رپورٹ کے مطابق آرتھوپیڈک میں6،نیوروسرجری میں 4 ، ذہنی امراض و ٹی بی سے2 دو افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ذرائع کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال، خیبرٹیچنگ اسپتال ،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور ایوب میڈیکل کمپلیکس کے خود مختار ادارے ہیں اور وہ محکمہ کو ریکارڈ فراہم نہیں کرتےاس لئے ان اسپتالوں کے اعداد و شمار شامل نہِیں۔مریض کو جس علاج کے لئے لایا جاتا ہے موت واقع ہونے پر وہی مرض موت کی وجہ لکھی جاتی ہے مرنے پر پوسٹ مارٹم کا کوئی قانون رائج ہے اور نہ ہی چھان بین کا کوئی موثر انتظام موجود ہے جس سے موت کی اصل وجہ کا اندازہ ہوسکے۔