21 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 13:40
پشاور:نرسوں نے دھرنا دیکر صوبائی حکومت کو مطالبات ماننے پر مجبور کردیا
پشاور........پشاور کے سرکاری اسپتالوں کی نرسز نے ایک دن دھرنا دے کر حکومت کو مطالبات ماننے پر مجبور کردیا۔ صوبائی وزیرصحت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد نرسنگ ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پشاور کے تمام سرکاری اسپتالوں کی نرسز اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج بن گئیں، نرسوں نے اسپتالوں میں تمام سروسز کا بائیکاٹ کیا، اسپتالوں میں احتجاجی مظاہرے کئے، احتجاج کرنے والی نرسوں نے لیڈی ریڈنگ اسپتال سے صوبائی اسمبلی تک ریلی نکالی اور اسمبلی کے باہر دھرنادے کر بیٹھ گئیں۔ نرسز کا کہنا تھا کہ 6سال سے وہ سروس اسٹرکچر، میس اور ڈریس الاؤنسز، ایک تنخواہ کے برابر نرس اسکالرشپ اور ترقی جیسے اپنی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے جائز مطالبات منظور نہیں کئے جاتے وہ ہڑتال جاری رکھیں گی۔ تاہم وزیر صحت نے ہڑتالی نرسز کو منالیا۔ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے سروس اسٹرکچر، میس اور ڈریس الاؤنسزسمیت اکثر مطالبات فوری پورے کرنے اور دیگر مطالبات پر غور کی یقین دہانی کرائی۔ جس کے بعد نرسوں نے اپنی ہڑتال ختم کر دی۔