2 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:27
سردی میں نزلہ زکام کھانسی اور بخار جیسی وبائی بیماریوں میں اضافہ
اسلام آباد...... سردی کی شدت میں اضافےکے ساتھ ہی نزلہ‘ زکام‘ کھانسی اور بخار جیسی وبائی بیماریاں بڑھنے لگی ہیں جسے فلو انفکیشن بھی کہتے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بہتی ہوئی ناک ‘ گلے کی خراش یا سوزش فلو کی علامات ہیں‘ عام طورپر فلو کا سبب وائرس ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ موسم سرما میں مختلف اقسام کے 200 سے زائد وائرس پیدا ہوتے ہیں جن میں سے اکثر فلو انفکیشن میں پائے جاتے ہیں فلو میں مبتلا ہونے کے بعد عام طورپر لوگ اینٹی بائیوٹک استعمال کرتے ہیں جس سے دیگر انفکیشن کاخطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین صحت کاکہنا ہے کہ سردی کے موسم میں سوپ کا استعمال لازمی ہے ۔ڈاکٹر وںکی رائے میںغذا ہضم ہونےاورصحت وتندرستی کیلئے سب سے بہتر موسم ‘ موسم سرما ہے اس میں مسام بلند ہوجاتے ہیں اور پسینہ نہیں آتا اورجسم کی حرارت برقراررکھنے کیلئے زیادہ مقوی غذائوں کا استعمال کیاجاتا ہے ۔ اس موسم میںخشک میوہ جات بادام ‘ پستہ ‘ چلغوزے ‘ مونگ پھلی‘ آخروٹ اور گاجر کا استعمال حرارت مہیا کرتا ہے۔تاہم کھانے پینے کے شوقین افراد کو مرغن غذائیں اور گرم اشیاء کا استعمال اعتدال کے ساتھ کرناچاہیے ۔