17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:0
پیٹرول کی قلت، لاہور میں ایدھی ایمبولنس سروس بھی متاثر
لاہور.......لاہور میں پٹرول کے شدید بحران نے ایدھی ایمبولنس سروس کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ زونل آفس میں 40ایمبولینس بند پڑی ہیں۔ اس صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر پرائیوٹ ایمبولینس کے مالکان منہ مانگے دام وصول کرنے لگے ہیں۔ یہ ہے اقبال ٹاؤن کا ایدھی ویلفیئرسینٹر، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں یہاں سے ایمبولنس فوری روانہ کی جاتی ہیں لیکن آج کل ایسا نہیں، پٹرول کے بحران نے ایمبولینسز کی سرگرمیاں متاثر کی ہیں۔ ایدھی سینٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لوگ مدد کے لئے فون کرتے ہیں، لیکن وہ مجبور ہیں، ایندھن ختم ہونے کے باعث ایمبولینسز روانہ نہیں کر سکتے۔ دیگر پرائیویٹ ایمبولینس مالکان عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے لگے۔ انہوں نے پٹرول نہ ہونے کا بہانہ بنا کر کرائے بڑھا دیئے۔ ایدھی انتظامیہ نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ انہیں فوری طور پر پٹرول فراہم کیا جائے تاکہ وہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے کام کو جاری رکھ سکیں۔