4 مارچ 2015
وقت اشاعت: 19:38
پاکستان پر پولیو سے متعلق سفری پابندیاں مزید تین ماہ برقرار
اسلام آباد.......عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان پر پولیو کے حوالے سے سفری پابندیاں مزید تین ماہ برقرار رہیں گی۔بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی نےکہاہے کہ ائیر پورٹس کے علاوہ بری اور بحری راستوں پر سفرکرنیوالوں کے لیے بھی پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔ پولیو پر بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ، شام ،کیمرون اور کینیا پرسفرپابندیاں اپریل تک برقراررہیں گی ۔پاکستان پر سفری پابندیوں کا اطلاق 5مئی 2014سے ہوا، پاکستان بیرون ملک جانےوالوں کی ویکسی نیشن پر عمل درآمد مزید سخت کرے اور ہرماہ پولیو سے متعلق عالمی ادارہ صحت کو اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرے۔ افغانستان کے سرحدی علاقوں پر پولیو ویکسی نیشن کا عمل بہتر بنایا جائے ، پاکستان میں موسم سرما کے دوران پولیو کے کیسز میں کمی خوش آئند ہے ،پاکستان میں ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کا قیام ،صوبائی حکمت عملی ، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پولیوویکسینیشن کی بحالی تسلی بخش اقدامات ہیں۔