12 مارچ 2015
وقت اشاعت: 22:42
کراچی: گردوں کے امراض سے آگاہی کا عالمی دن منایا گیا
کراچی..........گردوں کے عالمی دن کے موقع پر طبی ماہرین کا عالمی پیغام ہے، کہ پانی پیئں اور دوسروں کو بھی پلائیں۔ گردوں کے مرض سے متعلق آگاہی کی کراچی میں ہونے والی ایک تقریب کلفٹن کڈنی اینڈ جنرل اسپتال میں کی گئی، جہاں گردوں کے مرض سے آگاہی کے لئے واک کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں فرانسیسی قونصل جنرل اور کمشنر کراچی شعیب صدیقی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ واک میں گردوں کے مرض میں مبتلا افراد نے بھی شرکت کی، ایک مریض کا کہنا تھا آج مجھے احساس ہوتا ہے کہ اگر میں پانی کا استعمال زیادہ رکھتی تو یہ مرض نہ ہوتا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گردوں کے مرض سے بچاو کے لئے بہترین علاج احتیاط ہے، بیماری کی بروقت تشخیص نہ ہونے کے باعث مرض کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تاہم باقاعدگی سے طبی معائنہ کروانے سے کئی پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔