14 مارچ 2015
وقت اشاعت: 15:39
لاہور کے نجی اسپتال میں نرسوں اور عملے کی ہڑتال اور مظاہرہ
لاہور.....لاہور کے نجی اسپتال میں پیرامیڈیکل اسٹاف نے میڈیکل الاؤنس ختم کرنے کے خلاف کام چھوڑ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ آپریشن تھیٹر اور سی ٹی اسکین بند ہونے سےمریض اور لواحقین پریشان پھرتے رہے۔ اسپتال انتظامیہ نے چپ سادھ لی۔ مغلپورہ لاہور کے نجی اسپتال کا پیرامیڈیکل اسٹاف صبح سویرے کام چھوڑ کر اسپتال کے سامنے جمع ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عملے اور نرسوں کو نہ ادویات دی جاتی ہیں اور نہ ہی میڈیکل الاؤنس۔ ہڑتال کے باعث مریض خوار اور پریشان ہوتے رہے۔ ڈاکٹرز کو نرسز کے حصے کا کام بھی کرنا پڑا۔ مظاہرین نے آپریشن تھیڑ کو بند کر دیا۔ مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہناہے کہ اسپتال ملازمین کا میڈیکل الاؤنس بند نہیں کیا گیا۔ پیرامیڈیکل اسٹاف کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔