16 مارچ 2015
وقت اشاعت: 17:33
خیبرپختونخوا :صحت کا اتحاد پروگرام کے تین روزہ مرحلے کا پہلا دن
پشاور........خیبرپختونخوا اورفاٹا میں صحت کا اتحاد پروگرام کا تین روزہ مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس میں وفاق اور صوبے کی حکومتوں کے علاوہ فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارون کی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ پشاور میں یہ مہم دو دن کے دوران مکمل کی جا ئے گی۔ خیبرپختونخوا اور فاٹا میں بچوں کو پولیوسے بچانے کے لئے صحت کا اتحاد پروگرام کا تین روزہ مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ جس کے دوران صوبے کے 8اضلاع میں قائم افغان مہاجر کیمپوں اور آئی ڈی پیز کے 52لاکھ بچوں کو قطرے پلا ئے جائیں گے جبکہ پشاور میں یہ مہم کل منگل کی شام کو اختتام پزیر ہو گی۔ پشاورمیں7لاکھ سے زیادہ بچوں کو پو لیو سے بچاؤ کے قطرے پلا نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس دن امن وامان کی صورتحال کوقابومیں رکھنے کے لئے قبائلی علاقوں اور دیگر اضلاع میں بیک وقت تمام سیکورٹی ادارے الرٹ رہیں گے جبکہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے دو روزکے لئے ضلع بھر میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی ہے، اس پابندی کا اطلاق صبح 8سے شام 6بجے تک رہے گا۔ پولیوٹیموں کی حفاظت کے لئے 7ہزار سے زائد پو لیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ یادرہے کہ رواں سال اب تک ملک بھرمیں 19 بچے پولیوکا شکارہوچکے ہیں اوراس تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔