20 اپریل 2016
وقت اشاعت: 9:51
کوئٹہ میں 2016ء کا پہلا پولیو کیس سامنے آ گیا
کوئٹہ..........کوئٹہ میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا،ایسا اس وقت ہوا ہے جب حال ہی میں محکمہ صحت کےدعوے کےمطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے پندرہ اضلاع میں انسداد پولیو کی کامیاب مہم چلائی گئی۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے 15 حساس اضلاع میں انسداد پولیو مہم کو ابھی پانچ روز ہی ہوئے تھے کہ صوبے سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوگیا،تشویشناک بات یہ ہے کہ کیس بھی رپورٹ ہوا کوئٹہ شہر سے، ڈھائی سالہ بچے اکرام کو حیرت انگیز طور پر کم سے کم سات بار سے زائد پولیو سےبچاؤ کےقطرے پلائے گئے۔
متعلقہ حکام کاکہنا تھا کہ اس بارے میں بھرپور تجزیہ کیاجائےگا کہ ویکسی نیشن کے باوجود بچہ پولیو سے کیسے متاثر ہوا،تاہم اگر کوئی بچہ کمزور ہو، اس میں قوت مدافعت بہت کم ہو اور ساتھ کوئی پیچش یا دست کا مرض بھی لاحق ہو تو ویکسین کا جسم سے نکل جانے کا خدشہ ہوتاہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق کوئٹہ میں حال ہی میں چلائی گئی انسداد پولیو مہم کے 95فیصد تک نتائج حاصل کئے گئے ،تاہم مہم کے فوری بعد کسی بچے میں پولیو کی تصدیق بہرحال تشویشناک ہے جس سے مہم کی افادیت اور اہمیت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔