تازہ ترین سرخیاں
 صحت 
14 مئی 2016
وقت اشاعت: 6:18

بلوچستان کے 30اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع

کوئٹہ.....ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹرسیف الرحمٰن نے کہاہے کہ بلوچستان کے 30اضلاع کی چھ سو چالیس یونین کونسلز میںآج سے انسداد پولیومہم شروع ہوگئی ہے ۔

ڈاکٹرسیف الرحمٰن کے مطابق کوئٹہ میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لئے 13سو پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ان کے ساتھ دیگرقانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بھی مدد لی جائے گی،

ان کا کہناتھا کہ تین روزہ انسداد پولیومہم کے دوران 5سال تک کے عمر کے 23لاکھ 83ہزار 310بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیاگیاہے جس کیلئے 6661موبائل ٹیمیں ،820فکسڈ سائٹ اور334ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں ۔

ڈاکٹرسیف الرحمٰن کا کہنا ہے کہ انسداد پولیومہم کی سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس ،لیویز اورفرنٹیئرکورکے جوان سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیںگے ، انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے اورہربچے کو قطرے پلانے کیلئے کمیونٹی ہیلتھ رضاکاروں کی بھی خدمات لی جارہی ہے جو ہائی رسک علاقوں میں کام کریںگے جہاں بچوں تک رسائی مشکل ہے جبکہ اس عمل کوبہتر بنانے کیلئے علماء کرام،قبائلی رہنمائوں اورمعتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے۔

انہوںنے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انسدادپولیومہم کوکامیاب بنانے میں کرداراداکرے تاکہ بچے مستقل معذوری سے بچ سکیںکیونکہ پولیولاعلاج مرض ہے اورپولیو ویکسین پلا کرہی بچوں کواس موذی مرض سے محفوظ کیا جاسکتا ہے ۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت دنیابھر میں پاکستان اورافغانستان دو ایسے ممالک ہے جہاں پرپولیووائرس موجود ہے۔ پولیو کے خاتمے کیلئے افغانستان کے ساتھ گزشتہ دنوں کابل میں مشترکہ کراس بارڈر میٹنگ منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں پولیو کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کے ساتھ اس بات کاعزم کیاگیاکہ میکرو پلان دو برادر ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کے ساتھ شیئرکریںگے تاکہ پولیو سے نمٹنے میں آسانی رہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سیف الرحمن نے بتایاکہ حالیہ پولیو مہم میں اس مرتبہ خصوصی طور پر موسم سرما میں نقل مکانی کرکے گرم علاقوں کوجانے والے ان خاندانوں پرزیادہ توجہ دی جائے گی جودوبارہ اپنے گھروں کولوٹے ہیں تاکہ دیگر صوبوں سے ممکنہ طورپر پولیوکے وائرس کی بلوچستان منتقلی کو روکا جاسکے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے مرض سے بچانے کیلئے پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.