18 مئی 2016
وقت اشاعت: 12:44
تھرپارکر:مختلف امراض کے باعث مزید 6 بچے چل بسے
تھرپارکر…صحرائے تھر میں موت کا عفریت نہ ٹل سکا ،غذائیت کی کمی اور دیگر امراض کے باعث مزید 6بچے جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
تھر کے صحرا میں غذائیت کی کمی اور دیگر امراض کے باعث معصوم بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ رات سے اب تک مزید 6بچے غذائیت کی کمی اور دیگر امراض کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ جاں بحق بچوں میں ایک سالہ بچی سمجھو ،عمر گل اور صمد نامی نومولود بچوں کی اموات سول اسپتال مٹھی میں ہوئیں۔
گاؤں ارنیار میں 3ماہ کا پرکاش،گوٹھ جیسے جو پار میں 3دن کی بچی اور گاؤں پدھریو میں 3دن کی بچی رحمت انتقال کر گئیں، سول اسپتال مٹھی میں آج 47 بچے زیر علاج ہیں ۔ ڈپیلو ،چھاچھرو،اسلام کوٹ اور ننگر پارکر کے سرکاری اسپتالوں میں بھی پانچ سال سے کم عمر ایسے بچوں کی تعداد 88ہے جو غذائیت کی کمی اور دیگر متعلقہ امراض کے باعث زیر علاج ہیں ۔
اس سال اب تک غذائیت کی کمی اور دیگر امراض کے باعث جاں بحق بچوں کی تعداد 213 ہوگئی ہے۔