تم سے کیا کہیں جاناں

زندگی کے میلے میں خواہشوں کے ریلے میں
تم سے کیا کہیں جاناں اس قدر جھمیلے میں
بات گو ذرا سی ہے
بات عمر بھر کی ہے
عمر بھر کی باتیں کب
دو گھڑی میں ہوتی ہیں
وقت کے سمندر میں
ان گنت جزیرے ہیں
بے شمار موتی ہیں
آنکھ کے دریچے میں
تم نے جو سجایا تھا
بات اس دیے کی ہے
بات اس گلے کی ہے
جو لہو کی خلوت میں
چھوڑ بن کے آتا ہے
لفظ کی فصیلوں پر ٹوٹ ٹوٹ جاتا ہے
زندگی سے لمبی ہے
بات رت جگے کی ہے
راستے میں کیسے ہو
بات تخلیے کی ہے
تخلیے کی باتوں میں گفتگو اضافی ہے
پیار کرنے والوں کو اک نگاہ کافی ہے
ہو سکے تو سن جانا ایک دن اکیلے میں
تم سے کیا کہیں جاناں اس قدر جھمیلے میں

Posted on May 07, 2011