حسن کو دوبالا کرنے والا صابن

بچپن میں ایک مولانا صاحب کو جو نہایت متقی اور پرہیز گار و اللہ ترس تھے۔ والد صاحب کے ہاں اکثر آتے جاتے دیکھا۔ ان کی وفات کے بعد چند کاغذات میں سے یہ نسخہ ایک کاغذ پر لکھا ہوا پایا جس پر تحریر تھا کہ "یہ نسخہ میں نے دہلی میں ایک صاحب سے بڑی محنت سے حاصل کیا ہے۔۔۔۔ یہ صابن چہرے کو خوبصورت، جلد کو نرم اور داغ دھبوں کو دور کرے گا مگر میں نے اسے بنانے کا کبھی تجربہ نہیں کیا چونکہ نسخہ محفوظ تھا اس لئے حوالہ قلم کیا جاتا ہے۔ ضرورت سمجھیں تو تجربہ کر کے دیکھیں۔
ترکیب:
قلعی چونہ آدھا پاؤ، سفوف پوست ریٹھہ پارچہ بیز کردہ آدھا تولہ، پانی سوا ایک سیر، سوڈا کاسٹک ایک پاؤ، میدہ سوا پاؤ، روغن ناریل ایک سیر، خوشبو اور رنگ حسب منشاء و پسند۔
چونہ پانی میں ملا کر ہلائیں اور مقطر لے کر اس میں سوڈا ڈال دیں۔ تیل میں میدہ کو اچھی طرح ملا کر محلول کو آگ پر رکھیں اور تیل میدہ والا ملا کر آہستہ آہستہ ہلاتے جائیں۔ پھر رنگ ملائیں۔ جب قوام ذرا سخت ہو تو سفوف ریٹھہ ملا دیں اور خوشبو ملا کر سانچوں میں بھر کر ٹکیاں بنالیں۔ اگر قوام کچھ خشک ہو تو قدرے گلیسرین ملائیں نہایت خوب صورت اور خوشبو دار صابن تیار ہے۔
اس صابن سے 5 تولہ لے کر سفوف ہلدی ایک ماشہ، مغز بادام، سوڈا بائیکارب بمعہ آرد جو ایک ایک تولہ، دار چکنا 4 رتی، زعفران 2 رتی، گلیسرین 4 قطرہ، لیمن آئل حسب منشاء ان سب کو یک جان کر کے نرم حالت میں صابن میں ملا کر خوب ہلائیں اور نرم آگ پر یکجان کر کے ٹکیہ بنائیں اور منہ دھوتے وقت اسے استعمال کریں۔

Posted on Dec 24, 2010