17 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 5:11
مصر میں ریفرنڈم جیت اور ہار کے درمیان لٹک گیا
اے آر وائی - مصر میں حکمراں جماعت اخوان المسلمین نے ریفرنڈم کے ابتدائی مرحلے میں جیت کا اعلان کر دیاجبکہ اپوزیشن کی جماعتوں نے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا۔
مصر میں حکمران جماعتوں نے نئے دستور پر ریفرنڈم میں اپنی جیت کا دعویٰ کر دیا۔ مصر میں ہفتے کے روز آئینی ریفرنڈم کے غیر حتمی نتائج کے مطابق اکسٹھ فی صد ووٹروں نے نئے دستور کے حق میں ووٹ دیا ہے جبکہ اڑتیس اعشاریہ سات فی صد نے اس کی مخالفت کی۔
سعودی اخبار عرب نیوز کے مطابق مصریوں نے اسلام پسندوں کے وضع کردہ آئین کی معمولی اکثریت سے منظوری دی ہے۔ آئین پر ریفرینڈم کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ آئندہ ہفتے کو ہوگی اور اس کے بعد حتمی سرکاری نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب حزب اختلاف نے پہلے مرحلے کے ابتدائی نتائج کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ چھیاسٹھ فی صد ووٹروں نے مجوزہ آئین کو مسترد کردیا ہے۔حزب اختلاف نے الزام لگایا ہے کہ اخوان المسلمون انتخابی نتائج میں ردوبدل کررہی ہے۔
مصر کی اپوزیشن جماعتوں قومی سالویشن فرنٹ نے حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ریفرنڈم کے دوران بدترین دھاندلی کی گئی۔
قومی سالویشن فرنٹ نے ریفرنڈم میں دھاندلی اور مجوزہ آئین کے خلاف کل سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔ریفرنڈم کے انعقاد سے قبل صدر محمد مرسی کے حامیوں اور ان کے مخالفین کے درمیان کئی روز پرتشدد مظاہروں کے دوران جھڑپیں ہوئی تھیں لیکن ہفتے کے روز پہلے مرحلے کی پولنگ مجموعی طور پر پْرامن رہی۔