18 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 7:11
مصر : نئے آئین سے متعلق ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کا بائیکاٹ
اے آر وائی - مصر کی انتظامی ریاستی کونسل کے ججز کلب نے 22 دسمبر کو نئے آئین پر ہونے والے ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ مصر کے ججز کی جانب سے ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کے بائیکاٹ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے مرحلے کی پولنگ کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں ۔
حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ صدرمحمد مرسی ملک کے نئے آئین پرعوام کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت پر دھاندلیوں کے الزامات عائدکرتے ہوئے عوام سے مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
محمد البرادعی اور امر موسیٰ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوٴں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریفرنڈم میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے خلاف کل تحریر اسکوائر سمیت تمام شہروں میں بھرپور احتجاج کریں۔ مصر میں ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 22 دسمبر کو سترہ صوبوں میں ہوگی۔