29 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 8:26
دنیا کے مختلف ممالک شدید برفباری، سردی کی لپیٹ میں
اے آر وائی - دنیا کے مختلف ممالک بدستور خون جما دینے والے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ سرد موسم کی شدت نے معمول کی زندگی کو مفلوج کردیا ہے۔
امریکی ریاستوں نیویارک، آرکیناس، اوکلوہوما، ٹیکساس، لیوزیانا، مسیسیپی اور الامابا میں تیز ہواؤں اور برفانی طوفان سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ برفانی طوفان کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام معطل ہے۔ کئی ریاستوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔ نیویارک میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید اٹھارہ انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔
چین میں مسلسل پڑنے والی برف اور منفی درجہ حرارت نے کئی علاقوں میں لوگوں کی زندگی دشوار کر دی۔ مشرقی صوبے میں سردی کی شدت نے دریا کے پانی کو برف میں تبدیل کر دیاتو دوسری جانب شمال مغربی حصے میں چار سو بھڑیں ٹھٹر کر ہلاک ہوگئیں۔
یوکرائن میں بھی سرد موسم اور برفباری اپنے عروج پر ہے۔دارالحکومت کیف میں درجہ حرارت منفی پندرہ ہو گیا۔ سیکڑوں لوگوں کو امدادی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ رومانیہ میں بھی برف سے بجلی، مواصلات اور ٹرانسپورٹ کا نظام معطل ہو گیا۔ اٹلی ، آسٹریا، بلغاریہ اور دیگر ممالک میں بھی سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔