28 جنوری 2013
وقت اشاعت: 5:40
مصر میں ہنگامہ آرائی،3 شہروں میں ایمرجنسی ,کرفیونافذ
اے آر وائی - مصر کے ساحلی شہر پورٹ سعید میں ہنگامہ آرائی کے بعد مصری صدر محمد مرسی نے اسکندریہ سمیت تین شہروں میں تیس دن کے لیے ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ کرفیوکا اعلان کر دیا ہے۔ صدر محمد مرسی نے ہنگامہ آرائی کے چوتھے روز سرکاری ٹیلی ویڑن پر قوم سے اپنے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا۔
اسکندریہ کے فٹبال اسٹیڈیم سانحے میں ملوث اکیس ملزمان کی سزائے موت کیخلاف تاحال ہنگامے جاری ہیں۔ اب تک اننچاس افراد پرتشدد مظاہروں میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔
گزشتہ روز بھی مصری دارالحکومت قاہرہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراوٴ کیا جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل برسائے تاہم پولیس نے مظاہرین کو تحریر اسکوائر سے دور ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
ہنگامہ آرائی کے پیش نظر امریکہ اور برطانیہ نے اپنے سفارتخانے بند کر دیئے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے پورٹ سعید واقعہ میں ملوث ملزمان کو سزا کے بعد ہونیوالے مظاہرے نے صدر مرسی کی قیادت میں مصر کی نئی حکومت کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔