18 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 8:24
امریکی سینیٹ میں ایک ٹریلین ڈالرز کا دفاعی بل منظور
اے آر وائی - امریکی سینٹ نے دو ہزار بارہ کےلیے ایک ٹریلین ڈالرز کے جنگی اخراجات کے بل کی منظوری دے دی ہے ۔ جس میں پاکستان کو دی جانے والی آٹھ سو پچاس ملین ڈالرز کی امداد بھی شامل ہے۔ مگر یہ رقم ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں فرٹیلائزر کے استعمال کے معاملے پر جاری نہیں کی جا سکے گی۔
امریکی سینیٹ بل کی حمایت میں سڑسٹھ اور مخالفت میں بتیس ووٹ ڈالے گئے۔ بل میں پاکستان کے لیے آٹھ سو پچاس ملین ڈالرز مختص کیے گئے ہیں تاہم جمعرات کو کانگریس نے پاکستان کی امداد روک دی ہے۔ امریکا نے پاکستان کی امداد آئی ای ڈی کے سدباب سے مشروط کر دی ہے۔ امریکا کا خیال ہے کہ افغانستان میں زیادہ تر سڑک کنارے ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں میں پاکستان سے اسمگل کی گئی امونیم نائٹریٹ استعمال کی جا رہی ہے۔
پاکستان کو اب یہ امداد اسی صورت مل سکتی ہے کہ امریکی سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن امریکی اراکین پارلیمنٹ کو یہ باور کرائیں کہ پاکستان ریموٹ کنٹرول بم دھماکوں کے سدباب میں سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ ایوان نمائندگان پہلے ہی بل کی منظوری دے چکی ہے۔ سینٹ کی منظوری کے بعد یہ بل صدر اوبامہ کو منظوری کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔