28 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:45
اٹلی کے ساحل پر ڈوبنے والے جہاز کی قسمت کا فیصلہ نہیں ہوسکا
اے آر وائی - اٹلی کے سمندر میں ڈوبے جہاز کوسٹا کنکورڈیا سے ایندھن نکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا کہ جہاز کو درست حالت میں لا کر دوبارہ سمندر میں اتارا جائے گا یا اسے توڑ دیا جائے گا۔
جہاز کے بچے ہوئے حصوں کو نکالنے پر پانچ کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ جہاز کے اٹلی کے سمندر میں دو ٹکڑے ہوکر ڈوبنے سے سولہ افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ سولہ افراد تاحال لا پتہ ہیں۔ انشورنس کمپنی کو انشورنس کی مد میں ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کرنے ہوگی، جو انشورنس کی صنعت کو اب تک پہنچنے والا سب سے بڑا نقصان ہوگا۔
دو سو نوے میٹر طویل اور چھتیس میٹر چوڑا کوسٹا کنکورڈیا ماضی میں ڈوبنے والے مہنگے ترین جہاز ٹائی ٹینک سے دو گنا بڑا ہے۔ جہاز کے نیچے موجود چٹان کے جگہ چھوڑ دینے یا پھر ٹوٹ جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ابھی جہاز کے مالکان کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ اسے دوبارہ سمندر میں لانے کے لیے مزید سرمایہ خرچ کرنا ہے، اسے توڑ کر فروخت کرنا ہے، یا پھر اسے سمندر میں غرق ہونے دینا ہے۔