8 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 10:24
دوہزارچودہ کےبعدافغانستان میں خانہ جنگی کاخطرہ ہے،رپورٹ
اے آر وائی - دوہزارچودہ میں غیرملکی فوجوں کے انخلاء کے بعد افغانستان خانہ جنگی کا شکار ہو سکتا ہے۔
انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی طرف سے افغانستان سے متعلق جاری ہونے والی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد افغان حکومت کے ختم ہونے اور خانہ جنگی ہونے کے امکانات ہیں۔افغانستان ایک تباہ کن بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔ افغان پولیس اور فوج ملک میں سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر صدر حامد کرزئی نے شفاف انتخابات نہیں کرانے کے لیے اقدامات نہیں کیے تو نئے انتخابات کے بعد بھی افغانستان کے حالات میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ افغان حکومت کے ترجمان نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کچرا قرار دیا اور کہا کہ افغان فورسز ملکی دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔