تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
30 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 17:7

امریکہ: سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 16ہوگئی

اے آر وائی - امریکی سمندری طوفان سینڈی سے ہلاکتوں کی تعداد سولہ ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ طوفان سے ایک درجن ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہو گئی۔ صدر باراک اوباما نے نیویارک ، لانگ آئی لینڈ اور نیو جرسی کو آفت زدہ قرار دے دیا ۔



امریکی تاریخ کے چند بڑے طوفانوں میں سے ایک سینڈی طوفان نے کئی ریاستوں میں تباہی مچا دی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے ہونے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں کچھ دن لگیں گے۔ لانگ آئی لینڈ، نیو جرسی اور نیویارک کی سڑکیں زیر آب آ گئیں، ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی ،نیویارک میں پانی کی سطح تیرہ فٹ تک پہنچ چکی ہے اور پانی بھر جانے کے بعد سات سب ویز کو بند کردیا گیا ہے۔ بجلی کی فراہمی بند ہونے کے بعد نیویارک ہاسپٹل سے مریضوں کو منتقل کردیا گیا۔ فلاڈلفیا ائیرپورٹ پر ہونے والی موسلا دھار بارش سے کئی سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔



ورجینیا میں طوفان کے بعد برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری اور اب تک سترہ انچ برف پڑ چکی ہے۔ نیویارک اور نیو جرسی میں متعدد بلڈنگز میں آگ لگ گئی، آتشزدگی سے پچاس مکانات جل کر تباہ ہو گئے۔ درجنوں فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ نیوجرسی کے گورنر کا کہنا ہے کہ طوفان کے بعد امدادی کارروائیاں مکمل طور پرشروع کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ بجلی کے بدترین بحران کی وجہ سے نیویارک سمیت امریکا کی کئی ریاستوں میں پینسٹھ لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ تعلیمی ادارے اورذرائع آمدو رفت بند ہے۔



مشرقی ساحلی پٹی پر موجود دو تہائی آئل ریفائنریز کو سینڈی طوفان کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ نیو جرسی میں واقع سب سے قدیم جوہری پلانٹ میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں سے دس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیویارک اسٹاک ایکسچینج سمیت امریکا کے مالیاتی ادارے بند ہیں۔ ہزاروں پروازیں بھی معطل ہوگئیں ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.