1 نومبر 2012
وقت اشاعت: 19:17
امریکا: سینڈی کے بعد صدارتی مہم کا دوبارہ آغاز
اے آر وائی - امریکا میں سینڈی طوفان کے گزر جانے کے بعد چھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔
طوفان کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ صدارتی مہم میں آنے والا وقفہ بھی ختم ہوگیا۔ ری پیبلکن امیدوار مٹ رومنی نے فلوریڈا میں دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کرکے صدارتی مہم دوبارہ شروع کی جبکہ صدر باراک اوباما آج مہم کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ وہ نیواڈا، کلوراڈو اور وسکونسن میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
طوفان سے قبل ہونے والے جائزوں میں صدراوباما کو اپنے حریف مٹ رومنی پر برتری حاصل تھی۔ دونوں امیدواروں کی جانب سے اُن ریاستوں میں ایک دوسرے کے خلاف ٹیلی وژن پر اشتہار بازی کا سلسلہ جاری ہےجہاں مقابلہ سخت ہے اور انتخابی نتیجہ کسی بھی امید وار کے حق میں جا سکتا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے طوفان سے نمٹنے میں صدر اوباما کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا فائدہ ان کو انتخابی مہم میں پہنچ سکتا ہے۔ میڈیا کے مطابق طوفان سےوسیع پیمانے پر ہونے والی بربادی کے باوجود صدارتی انتخابات ملتوی ہونے کا امکان کم ہے۔