1 نومبر 2012
وقت اشاعت: 23:6
امریکا:طوفان سےمتاثرہ علاقوں میں صفائی اور تعمیر کا کام شروع
اے آر وائی - سپر طوفان سینڈی امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں میں ہولناک تباہی مچا کر گزر گیا۔ طوفان سے اب تک بہتر افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ طوفان کے بعد متاثرہ علاقوں میں صفائی اور تعمیر و مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
سینڈی کے بعد نیویارک کے لاکھوں شہری ابھی تک بجلی، پانی، ٹیلی فون اور نکاسی آب کی سہولتوں سے محروم ہیں اور ہزاروں افراد گھروں کو واپسی کے منتظر ہیں۔ نیویارک اسٹاک ایکسچینج دوروز بند رہنے کے بعد بدھ کے روز کھل گیا جو اس بات کی علامت تھی کہ شہر کے اہم ترین کاروباری مرکز مین ہیٹن میں زندگی اپنے معمول پر لوٹنا شروع ہوگئی ہے۔
نیویارک اور دیگر متاثرہ علاقوں میں صفائی اور تعمیر و مرمت کے کا م کا آغاز ہوگیا ہے اس کے باوجود ہزاروں رہائشی عمارتیں اور کاروباری مراکز بدستور تاریکی میں ڈوبے ہوئےہیں۔ سڑکوں اور گلیوں میں ملبے اور کیچڑکے ڈھیر دکھائی دے رہےہیں۔ مختلف ائیرپورٹس پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے لیکن ان کی تعداد محدود ہے۔ نیویارک کا زیر زمین ریلوے نظام ابھی تک معطل ہے اور لوگوں کو آنے جانے میں شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہا ہے۔ جبکہ بجلی کے نظام کی مکمل بحالی میں مزید چند روز لگیں گے۔
نیوجرسی کے ساحلی شہر اور قصبوں کو بحالی کے لیے کئی برس درکار ہوں گے کیونکہ وہاں تباہی کا دائرہ بہت وسیع اور شدید ہے۔ سینڈی سے متاثر دیگر شرقی ساحلی ریاستوں میں لوگ اور امدادی کارکن منہدم عمارتوں کا ملبہ صاف کررہے ہیں۔ سڑکوں سے ٹوٹے ہوئے درخت اور کھمبے ہٹا رہے ہیں، کوڑا کرکٹ اور کیچڑ سمیٹ رہے ہیں تاکہ معمول کی زندگی کو جلد از جلد بحال کیا جاسکے۔
سپر طوفان سینڈی ویسٹ ورجینیا، ورجینیا، واشنگٹن ڈی سی، میری لینڈ، اوہائیو نیویارک اور نیوجرسی سمیت کئی علاقوں کو روندنے اور تباہی پھیلانے کے بعد کینیڈا کی سرحد میں داخل ہوکر آگے نکل چکا ہے۔