17 نومبر 2012
وقت اشاعت: 5:26
دنیا بھرمیں اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظا ہرے
اے آر وائی - دنیا بھر میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اسلامی ممالک کے عوام میں غزہ پر حملے کیخلاف شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ غزہ کی صورتحال پر عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بھی آج ہورہا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف دنیا بھر کی طرح امریکا مں بھی سینکڑوں افراد اسرائیلی قونصلیٹ کے سامنے جمع ہوئے اور ٹائمز اسکوائر تک مارچ کیا۔۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری انسانیت کی توہین ہے اسے فوری طور پر بند کروایا جائے۔۔ فرانس میں بھی محکمہ انصاف کی عمارت کے سامنے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا اور اسرائیلی بمباری کو ظلم قرار دیا گیا۔
روس کے دارلحکومت ماسکو میں بھی غزہ پر اسرائیلی حملے کیخلاف سینکڑوں افراد سڑکوں پر آگئے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو فوری طور پر اسرائیلی بمباری کا نوٹس لینا چاہیئے۔ وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل ایک امن دشمن اور سامراجی ریاست ہے ، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو امریکا کی حمایت حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
دوسری طرف اسلامی ممالک میں بھی غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ ترکی، مصر، یمن اور ایران میں بھی اسرائیل کے خلاف مظاہرے کیئے گئے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے عرب اور مغربی ممالک کو عملی طور پر کچھ کرنا ہوگا ۔ مظاہرین نے کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کو رکوانے کیلئے عالمی دنیا کو فوری طور پر اقدامات کرنے ہونگے۔
پاکستان نے بھی غزہ پر اسرائیلی وحیشانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ لبنان میں بھی سینکڑوں افراد نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے شمعیں بھی روشن کیں۔۔ غزہ کی صورتحال پر غور کیلئے عرب لیگ کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں تازہ ترین اسرائیلی دہشت گردی اور جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔