21 نومبر 2012
وقت اشاعت: 5:54
امریکی وزیرخارجہ کا اسرائیل کا ہنگامی دورہ
اے آر وائی - مشرق وسطی میں کشیدگی کے باعث امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن ہنگامی دورے پر اسرائیل پہنچی ہیں جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سےملاقات کے بعدپریس کانفرنس میں کہا کہ خطے پر امریکا کی گہری نظر ہے اور چاہتے ہیں کہ کشیدگی کو جلد ختم کردیاجائے۔
غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے کے لئے عالمی برادری نے کوششوں میں تیزی آگئی ہے۔اسرائیل اور حماس کے مذاکرات کاروں نے مصری انٹیلی جنس کے حکام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملے ختم کر دیں اور غزہ میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر توجہ دیں۔
امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوسے ملاقات کی اور علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن کا کہناتھا کہ خطے کی صورتحال پر امریکا کی گہری نظر ہے۔ امریکا اسرائیل کی سلامتی کو مقدم سمجھتا ہے۔ امریکا خطےمیں پائیدارامن کیلئےفریقین سےرابطےمیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اور فلسطینی عوام کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کا اعلان کیا۔ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کیلئے حماس کو راکٹ حملے روکناہوں گے۔
انہوں نے مشرق وسطی کے بحران کےخاتمےکی کوششوں میں مصری صدرکے کردار کوسراہا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے امریکا کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ اسے دفاع کیلئے امریکا یا کسی دوسرے ملک سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ غزہ کےمسئلےکوجلد حل کرلیاجائے۔