26 نومبر 2012
وقت اشاعت: 4:57
امریکہ فلسطین اور اسرائیل کا مسئلہ حل کرائے،ولیم ہیگ
اے آر وائی - برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مسئلے کو حل کرنے کے لیے امریکہ مؤثر رہنمائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کوشش کا وقت آ گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ولیم ہیگ نے کہا کہ امریکہ کے اسرائیل کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں جو کسی اور ملک کے نہیں اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکہ کو اب انتخاب کے بعد اس مسئلے پر رہنمائی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل میں یقیناً یورپی یونین اورعرب ممالک کا بھی کردار ہے اور ان کی کوشش بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے شاید دو ریاستی فارمولے پر عمل کا اب آخری موقع ہے۔محمود عباس آج اقوامِ متحدہ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی رکنیت حاصل کرنے کی فلسطینی رہنما کی کوشش گزشتہ سال اس وقت ناکام ہو گئی تھی جب امریکہ نے اس کی درخواست کو ویٹو کر دیا تھا۔
مبصرکا درجہ ملنے سے فلسطین کو اہم اداروں تک رسائی حاصل ہو جائے گی جن میں ہیگ میں جرائم سے متعلق بین الاقوامی عدالت بھی شامل ہے۔گزشتہ ہفتے ہی حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی طے پائی ہے۔