تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 جون 2013
وقت اشاعت: 11:10

نواز شریف مثبتسوچ رکھنے والے رہنما ہیں،ڈینیل جوانیو

جیو نیوز - پیرس…رضا چوہدری…معروف فرانسیسی بیورکریٹ اور پاکستان اور بھارت میں طویل عرصے تک بطور فرانسیسی سفیرخدمات انجام دینے والے ڈینیل جوانیونے کہا ہے کہ بڑے عرصے بعد مغربی میڈیا میں بھی پاکستان کے متعلق اچھی خبریں آنا شروع ہوئی ہیں جو خوش آئند بات ہے، پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل شروع جاری ہے، میاں نواز شریف مثبت سوچ رکھنے والے رہنما ہیں جنہوں نے اچھی کابینہ قائم کی ہے۔”جنگ“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فرانس بہتردوستانہ تعلقات قائم ہیں اور اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان کے فرانس میں سفیر غالب اقبال نے جن کوششوں کا آغاز کیا ہے اس سے مزید بہتری آئے گی۔ قبل ازیں سفار ت خانہ پاکستان میں دوروز سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈینیل جوانیو نے کہا کہ 2000ء سے پاکستان میں سول حکومت کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کے نتیجے میں2008ء میں عام انتخابات کے بعد پرویز مشروف سے اقتدار ایک منتخب حکومت کو منتقل ہوا، مگر وہ حکومت اور عوام کو درپیش چیلنجوں کے سلسلے میں صحیح طریقے سے کردار ادا نہ کرسکی، اب پاکستان میں میاں نواز شریف کی حکومت آگئی ہے جن کے ساتھ میری بہت سی ملاقاتیں ہوئی ہیں، وہ باصلاحیت کاروباری ذہن رکھنے والے لبرل لیڈر ہیں، توقع ہے کہ پاکستان کو جن چیلنجوں کا سامنا ہے وہ ان سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے حالیہ بجٹ میں تعلیم پر فوکس کیا ہے۔ انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ سیمینار میں پروفیسر مریم ابو ذہاب نے سیمینار میں پاکستان کو درپیش چیلنجوں پرروشنی ڈالی اور خواتین کے حقوق کیلئے مزید بہتر نمائندگی پر زور دیا اور کہا کہ خواتین موجودہ چیلنجوں سے پاکستان کو نکالنے میں اہم کردار انجام دے سکتی ہیں، کمرشل قونصلر مہرین افتخار نے پاکستان اور فرانس کے درمیان درآمدات و برآمدات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں فرانسیسی سرمایہ کاروں، مقامی صحافیوں، فرانسیسی بیورکریٹ اور فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر سوالات کے سیشن کے دوران سفیر پاکستان نے دوحہ میں طالبان کے دفتر کو اس خطے میں ایک امید اور مثبت کوشش قرار دیا اور کہا کہ اس کی کامیابی کا دارومدار فریقین کے درمیان ملاقاتوں پر منحصر ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.